
اسلام آباد(اے پی پی)وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات شوکت ترین نے سیکرٹری وزارت صنعت وپیداوارکو ای سی سی کے فیصلے کے مطابق مقامی خریداری کے ذریعے چینی کے اسٹریٹجک ذخائر کی تعمیر کے عمل کو تیز کرنے اور صارفین کو کوکنگ آئل پردرآمدی ڈیوٹی پر 10فیصد ریلیف دینے کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے یہ ہدایات پیرکو نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں ، وفاقی وزیرقومی غذائی تحفظ وتحقیق سید فخر امام، وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق دائود، سیکرٹری صنعت و پیداوار، صوبائی چیف سیکرٹریز، اقتصادی مشیر خزانہ ڈویژن، ممبر نیشنل اکائونٹس پی بی ایس، ایم ڈی یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن، چیئرمین اوگرا، ممبر کسٹمز ایف بی آر اور دیگر سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزارت خزانہ کے اقتصادی مشیر فنانس ڈویژن نے اجلاس کے شرکا کو قیمتوں کے بارے میں بریفنگ دی اوربتایا کہ ہفتے کے دوران روزمرہ استعما ل کی 8اشیا کی قیمتوں میں کمی، 18کی قیمتیں مستحکم اور 25اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ اجلاس کوبتایا گیا کہ لہسن، ٹماٹر، انڈے، ایل پی جی سلنڈر، گڑ،چینی، دال چنا اوردال مسور کی قیمتوں میں گزشتہ ہفتے کے دوران کمی ہوئی ہے۔ شرکا کو ملک میں گندم اور آٹے کی قیمتوں کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی اوربتایا گیا کہ کراچی میں آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جس سے قومی اوسط قیمت متاثر ہوئی ہے۔وزیرخزانہ کو ملک میں گندم کے ذخائر کی صورتحال سے بھی آگاہ کیا گیا اوربتایاگیا کہ ملک میں گندم وافر مقدار میں دستیاب ہے۔
