راولپنڈی(آن لائن)جنوبی وزیرستان اور ٹانک میں جھڑپ‘7 دہشت گرد ہلاک‘ کیپٹن سمیت 8 جوان شہید۔تفصیلات کے مطابق دہشت گردوں کی ٹانک میں ملٹری کمپاؤنڈ میں گھسنے کی کوشش ناکام بنادی گئی، فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا جبکہ 6 جوان شہید ہوگئے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق 3 دہشت گردوں نے جنرل ایریا ٹانک میں ملٹری کمپاؤنڈ میں داخل ہونے کی کوشش کی جسے سیکورٹی اداروں نے ناکام بنادیا۔ سیکورٹی فورسز نے مؤثر انداز میں جوابی کارروائی کرتے ہوئے تینوں دہشت گردوں کو ہلاک کیا اور فوجی کمپاؤنڈ میں داخلے کی کوشش کو ناکام بنایا۔ دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے شدید تبادلے میں پاک فوج کے 6 جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء میں نوشہرو فیروز کے 48 سالہ صوبیدار میجر شیر محمد ،خیرپور کے 39 سالہ نائب صوبیدار زبید ، راولپنڈی کے 39 سالہ حوالدار سہیل ، ٹنڈوالہ یار کے 36 سالہ لانس نائیک غلام،خیرپور کے 32 سالہ سپاہی مسکین علی ،سکھر کے 37 سالہ سپاہی میر محمد شامل ہیں ۔دریں اثناء جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ۔ترجمان افواج پاکستان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا اور 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا تاہم فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں افواج پاکستان کے 2 افسران شہید ہوگئے جن میں کیپٹن سعد بن عامر اور لانس نائیک ریاض شامل ہیں ۔کیپٹن سعد بن عامر کا تعلق راولپنڈی سے ہے اور ان کی عمر25 سال تھی جبکہ لانس نائیک ریاض کی عمر 37 سال اور تعلق ٹانک سے تھا ۔دونوں بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئے ،علاقے سے دہشت گردوں کا صفایا کرنے کے کیلیے کلیئرنس آپریشن بھی کیا گیا ،ترجمان آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاک فوج دہشت گردی کے لعنت کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے اور بہادر افسران اور جوانوں کی قربانیاں دہشت گردی کی کے خلاف ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں ۔
