اسلام آباد: پاکستان ڈیمو کرٹیک موومنٹ( پی ڈی ایم ) کے ترجمان حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ عمران نیازی پاوں پڑنے رونے دھونے اور منتیں ترلے سے آپ کی کرسی نہیں بچے گی، عمران خان کی بادشاہت اور جھوٹ نے پاکستان کو بحرانستان بنادیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ڈی ایم کے ترجمان نے کہا کہ ملک میں مہنگائی بیروزگاری معاشی سیاسی ادارہ جاتی اور آئینی و قانونی بحران عروج پر ہے، دوست ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا بحران ایک الگ داستان ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد آئینی راستہ ہے جس سے آپ کی بادشاہت کا خاتمہ کرینگے، خان صاحب مبینہ اور غیر مستند خط کا سہارا لیکر ہیرو بننے کی ناکام کوشش نہ کرو۔
حافظ حمد اللہ نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد واپس لینے کا سوال ہی پیدانہیں ہوتا، پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے کا واحد حل عمران نیازی کی رخصتی میں ہے۔
