اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہاہے کہ کابینہ اجلاس میں خط کے بارے میں سیر حاصل گفتگو ہوئی ہے، خط پر اسمبلی کا اِن کیمرا اجلاس بھی ہوسکتا ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ وزیر اعظم کو ملنے والے خط کے مندرجات کابینہ کے سامنے رکھے گئے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ استعفے کا سوال پیدا نہیں ہوتا، عمران خان آخری بال تک لڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کابینہ نے وزیراعظم اور ان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا، ممکن ہے اِن کیمرہ اسمبلی میں وزیراعظم یا شاہ محمود قریشی خطاب کریں۔شیخ رشید نے کہا کہ یہ ڈان لیکس اور میموگیٹ والی اپوزیشن ہے، آخری دن اسمبلی میں شاہ محمود یا عمران خان خطاب کریں گے۔قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ میرا پاکستان تحریک انصاف سے تعلق نہیں، میں عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں، اس عمر میں جتنی طاقت رہ گئی ہے، اللّٰہ کے بعد عمران خان کیلئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم صاحب دو چار ٹرک مجھے بھی دے دیتے، تو بات یہاں تک نہیں پہنچتی، مال ان لوگوں کی کمزوری ہے، چھوٹے چھوٹے بکنے والے کیڑے پیسے لے کر اپنے ضمیر کو بیچتے ہیں، ان لوگوں نے اسامہ بن لادن کا مال کھایا ہے۔
انہوںنے کہاکہ میثاق جمہوریت کس نے کرایا تھا جب بینظیر اور نواز شریف کو اکٹھا بٹھایا گیا، اجمل قصاب کا فرید کوٹ کا پتہ نواز شریف نے بھارت کو دیا تھا۔شیخ رشید نے کہا کہ آپ معاف کردیتے ہیں، معاف کرنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے، یہ سب چل کر آئیں گے، انہیں معاف نہیں کرنا، میں آپ سے کہتا تھا الیکشن میں جائیں، گورنر راج لگائیں۔
