میرپورخاص(نمائندہ جسارت)میرپورخاص میں شدید گرمی اور رمضان المبارک کی آمد سے قبل پینے کے پانی کا بحران شدت اختیار کر گیا پبلک ہیلتھ کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق پانی کی سپلائی نہیں کی جا سکی، کراچی کی طرز پر میرپورخاص میں بھی ٹینکرز مافیا نے پنجے گاڑھ لیے اور 800 روپے میں فروخت ہونے والا پانی کا ٹینکر 1500 روپے میں فروخت ہونے لگا، شدید گرمی میں شہری پانی خریدنے پر مجبور ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق دریائے سندھ میں پانی کی کمی اور محکمہ پبلک ہیلتھ کی نا اہلی کی وجہ سے واٹر سپلائی اسکیموں کے تالابوں میں پینے کے پانی کا ذخیرہ نہیں کیا جا سکا تھا جس کے باعث شدید گرمی اور رمضان المبارک کی آمد سے قبل پینے کے پانی کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے اور محکمہ پبلک ہیلتھ کی جانب سے جاری کردہ پانی کی سپلائی کے شیڈول کے مطابق پانی کی سپلائی بھی نہیں ہوسکی ہے جس کے باعث شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں اور شہر کے مختلف مقامات پر لگے ہینڈ پمپوں سے مضر صحت پانی بھر کر پینے پر مجبور ہیں دوسری جانب میرپورخاص میں بھی کراچی کی طرز پر ٹینکرز مافیا نے اپنی اجارہ داری قائم کر لی ہے چند روز قبل 800 سو روپے میں فروخت ہونے والا پانی کا ٹینکر اب 1500 سو روپے میں فروخت ہونے لگا یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ ٹینکرز مافیا سیٹلائٹ ٹائون واٹر سپلائی اسکیم اور جرواری شاخ سے پبلک ہیلتھ کے ملازمین کی ملی بھگت سے ٹینکر بھر کر شہریوں کو فروخت کرنے میں مصروف ہیں اور شہری شدید گرمی میں مہنگے داموں پانی خریدنے پر مجبور ہیں۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ سندھ اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ میرپورخاص سے ٹینکر مافیا کا قلع قمہ کرنے کے ساتھ شدید گرمی اور رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں پینے کے پانی کی سپلائی معمول کے مطابق جاری رکھوانے میں کردار ادا کریں تاکہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں لوگوں کو اللہ تعالی کی عبادت کرنے میں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
