میرپورخاص(نمائندہ جسارت) غریب آباد تھانے کی پولیس جرائم کی روک تھام میں ناکام، پولیس کی جانب سے مختلف جرائم میں گرفتار ملزمان کے ورثاء کی جانب سے مدعی کو دھمکیوں کے خلاف اسٹیشن چوک سے پریس کلب تک ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اُٹھا رکھے تھے جس پر مختلف نعرے درج تھے۔ ریلی کے شرکاء سے خطاب ہوئے عبدالغنی سیال، اسمعیل شاہ، علی احمد سیال، منور شاہ اور دیگر نے کہا کہ درگاہ اسمعیل شاہ کے علاقے میں کچھ دنوں قبل نامعلوم موٹر سائیکل سوار 3 مسلح افراد نے اسلحہ کے زور پر 2 موٹر سائیکل، 60 ہزار روپے مالیت کی نقدی اور موبائل فون چھین لیے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے اصل ملزمان کو گرفتار نہیں کیا اور جن لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے ان کے ورثا ہمیں ایف آئی آر سے دستبردار ہونے کے لیے ہراساں اور دھمکیاں دے رہے ہیں۔ اس کے برعکس پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو گواہ نہ ہونے کی وجہ سے گرفتار نہیں کر سکتے مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہم گواہی کے لیے تیار ہیں لیکن پولیس ہم سے کوئی تعاون نہیں کررہی اس موقع پر ایس ایچ او غریب آباد امتیاز جونیجو نے مظاہرین سے مذاکرات کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔ گرفتار ہونے والوں کو ہتھکڑیاں لگا کر عدالت میں پیش کریں گے اور دھمکیاں دینے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی جس کے بعد مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہو گئے۔
