اسلام آباد (آن لائن) کابینہ ڈویژن نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چودھری فواد حسین کو وزارت قانون و انصاف کا اضافی چارج سونپے جانے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا، جس کے بعد چودھری فواد حسین نے وزارت قانون و انصاف کا اضافی عہدہ سنبھال لیا۔ اپنے عہدے کا چارج سنبھالنیکے بعد وفاقی وزیر اطلاعات چودھری فواد حسین نے وزارت قانون و انصاف کا دورہ کیا ۔ سیکرٹری وزارت قانون و انصاف اور وزارت کے دیگر حکام نے وفاقی وزیر اطلاعات و قانون کا استقبال کیا۔ سیکرٹری وزارت قانون نے وفاقی وزیر کو وزارت کے امور کے حوالے سے بریفنگ دی۔ دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات چودھری فواد حسین نے وزارت قانون و انصاف کا چارج سنبھالتے ہی بڑا ایکشن لے لیا ہے ۔ وفاقی وزیرنے عالمی سازش کے حوالے سے کمیشن قائم کرنے کی ہدایات کر دی۔کمیشن عالمی سازش کے ذریعے حکومت کی تبدیلی اور تحریک عدم اعتماد جیسے دیگر عوامل کا جائزہ لے گا۔ کمیشن عالمی سازش کی تحقیقات کر کے اپنی رپورٹ مرتب کرے گا۔ وفاقی وزیر قانون نے اسلام آباد، کراچی، لاہور میں درجنوں لیگل افسران کو تبدیل کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیے۔ وزارت قانون و انصاف کے تمام افسران کو اپنے فرائض منصبی بہتر انداز میں انجام دینے کی ہدایت کی ہے ۔
