اسلام آباد (آن لائن) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو سمجھ نہیں آرہا ان کے ساتھ ہوا کیا ہے۔ اتوار کو بنی گالہ میں عمران خان کی سربراہی میں تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں وزیر اعظم نے کہا کہ اپوزیشن کو سمجھ نہیں آرہا ان کے ساتھ ہوا کیا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ روز میں نے سب کو کہا تھا کہ گھبرانا نہیں ہے‘ میں سرپرائز کا کل ہی بتا دیتا تو آج وہ تکلیف میں نہ ہوتے‘ تحریک عدم اعتماد بیرونی سازش تھی‘ ہمیں چھوڑنے والوں اور ہمارے منحرف اراکین سے غیر ملکی سفارت خانے کے لوگ مل رہے تھے‘ ملک کے سربراہوں سے غیر ملکی سفارتی اہلکار ملتے ہیں لیکن ان سے ملنے کا کیا مقصد تھا۔ عمران خان نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کی میٹنگ ہوئی تھی جس میں آرمی چیف سمیت تمام سروسز چیفس موجود تھے، جو پیغام ہمارے سفیر کو دیا گیا تھا وہ سلامتی کی میٹنگ میں زیر بحث آیا‘نیشنل سیکورٹی کمیٹی نے واضح طور پر کہا لیٹر اور تحریک عدم اعتماد میں بیرونی سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ تصدیق کی گئی کہ باہر سازش بنی اور پاکستان میں مداخلت کی گئی، لیکن اپوزیشن نے قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلے کو اہمیت ہی نہیں دی‘ملک کی اعلیٰ ترین باڈی جب یہ تصدیق کر دیتی ہے تو پھر تحریک عدم اعتماد اور نمبر کا کوئی مقصد ہی نہیں رہتا۔ وزیراعظم نے کہا کہ عدم اعتماد کے ذریعے حکومت تبدیلی کی کوشش کی گئی ۔
