حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) تحریک عدم اعتماد پر ہونے والے اجلاس کے دوران ہونے والے غیر آئینی اقدام پر سندھ ترقی پسند پارٹی اور قومی عوامی تحریک کے سربراہ نے اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے کہاہے کہ عمران خان نے ملک کو آئینی وسیاسی بحران کی طرف دھکیل دیا ہے ضد اور انا میں جمہوری نظام کو خطرے میں ڈال د یا ہے، ملک میں آئین وقانون کے بجائے اپنی منشا کے تحت فیصلے کیے جارہے ہیں قومی اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ غیر قانونی اور غیر آئینی ہے جس پرڈپٹی اسپیکر ، صدر عارف علوی، عمران خان سمیت شامل تمام افراد کےخلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کی جائے۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان سے بھلائی کی امید نہ رکھی جائے وہ ایک غیر سیاسی اور غیر مہذب شخص ہے جو کہ ذاتی ضد اور انا کے لیے ملک کو کسی حد تک بھی پہنچاسکتا ہے ۔ دوسری جانب قومی عوامی تحریک کے سربراہ ایاز لطیف پلیجو نے کہاکہ آئین کی مکمل پاسداری کی جائے کوئی بھی غیر آئینی قدم نہ اٹھایاجائے ،آئین سب کے لیے مقدم ہے آئین اور قانونی کی پامالی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے ،پنجاب اسمبلی اور قومی اسمبلی میں جو کچھ ہوا ہے وہ انتہائی افسوسناک ہے۔
