اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی نے وزیر اعظم عمران خان اور شہباز شریف سے نگران وزیر اعظم مقرر کرنے کیلئے نام مانگ لیے۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے نگران وزیراعظم کی تعیناتی کے لیے وزیراعظم عمران خان اور شہباز شریف کو خط لکھ دیا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 58 ون کے تحت اسمبلیاں تحلیل ہو چکیں، آرٹیکل 224 اے کے تحت نگران وزیراعظم تک عمران خان عہدے پر برقرار رہیں گے۔
صدر مملکت کی جانب سے خط میں کہا گیا کہ نگران وزیراعظم کا تقرر وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی مشاورت سے ہونا ہے، آئین کے تحت وزیر اعظم اور لیڈر آف اپوزیشن دو دو نام دیں گے۔ 3 دن میں دونوں اطراف سے دو ارکان پر مشتمل کمیٹی کے لیے نام بھیجے جائیں۔
خط میں کہا گیا کہ ناموں پر 7 دن میں اتفاق نہ ہوا تو الیکشن کمیشن نئے وزیر اعظم کا نام صدر کو دے گا جو حتمی ہوگا۔