English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

قاسم سوری نے ٹوئٹر پر لفظی جنگ کے بعد دوست محمد مزاری کو بلاک کردیا

القمر

ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد خان مزاری اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی ٹوئٹر پر لفظی جنگ چِھڑ گئی۔

دوست محمد مزاری نے گزشتہ روز ٹوئٹر پر جاری بیان میں قاسم سوری پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں نے قاسم سوری بننے سے انکار کردیا ہے۔‘

انہوں نے یہ بھی لکھا تھا کہ ’میں آئین سے غداری کا مرتکب نہیں ہوسکتا، عمران خان مجھ پر چاہے غداری کا لیبل لگادیں۔‘

اس ٹوئٹ پر قاسم سوری بھی خود کو ردعمل دینے سے نہ روک پائے اور لکھا کہ ’آپ قاسم خان سوری بن بھی نہیں سکتے کیونکہ قاسم خان سوری بننے کے لیے خون میں وفا، بہادری، جذبہ، دھرتی ماں سے محبت، غلامی سے نفرت، ذہنی آزادی، زندہ ضمیر چاہیے ہوتاہے۔‘

قاسم سوری نے یہ بھی لکھا کہ ’آپ نے ووٹ اور ڈپٹی اسپیکر شپ عمران خان کےنام پر لی اور ضمیر فرنگیوں کے غلاموں کو بیچ دیا۔ آپ ضمیر فروش اور غلام ہیں۔‘

اس کے بعد دوست محمد مزاری نے ایک تصویر شئیر کی اور لکھا کہ "شیر شاہ سوری کی فوٹو کے ساتھ کھڑے ہو کر سیلفی لینے سے کوئی سوری نہیں بن جاتا۔ آپ نے پشتون قوم کا سر جھکا دیا, 52 ہزار جعلی ووٹ لے کر اسٹے آرڈر پہ پہلی اور آخری بار اسمبلی دیکھی۔ میں نسل در نسل انہیں اسمبلیوں میں آئین کے ساتھ کھڑے رہنے والے بلوچ خاندان کا بیٹا ہوں۔”

قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کو لفظی جنگ کے نتیجے میں بلاک کردیا۔

دوست محمد مزاری نے ٹوئٹر پر قاسم سوری کی ٹائم لائن کا اسکرین شاٹ شیئر کیا جس میں انہیں بلاک دیکھا جاسکتا ہے۔ تصویر شیئر کرتے ہوئے دوست مزاری نے ایموجی کا اضافہ کیا اور ساتھ ’یہ ہے سُوری‘ لکھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر آمنے سامنے آگئے، صوبے میں آئینی بحران مزید سنگین ہو گیا، حکمران جماعت تحریک انصاف نے اپنے ہی ڈپٹی اسپیکر سرداردوست محمد مزاری کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروائی۔

اسپیکر چوہدری پرویزالٰہی اور سیکریٹری اسمبلی نے ڈپٹی اسپیکر کو بدھ کے روز صوبائی اسمبلی کا اجلاس منعقد کرنے سے روک دیا۔

چوہدری پرویز الٰہی نے وزیر اعلیٰ پنجاب کا امیدوار ہونے کی وجہ سے ڈپٹی اسپیکر کو تفویض کیے گئے اسپیکر پنجاب اسمبلی کے اختیارات واپس لے لیے جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے