ترکی کی ایک عدالت نے واشنگٹن پوسٹ کے کالم نگار جمال خاشقجی کے بہیمانہ قتل میں ملوث 26 سعودیوں کی عدم موجودگی میں مقدمے کی سماعت معطل کرنے اور کیس کو سعودی عرب منتقل کرنے کا فیصلہ سنادیا ہے۔
خبررساں ادارے ’اے پی‘ کی رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ انسانی حقوق کی تنظیموں کے انتباہ کے باوجود سامنے آیا ہے جن کے مطابق کیس کو سعودی عرب کے حوالے کرنے سے اس قتل پر پردہ ڈال دیا جائے گا جس سے متعلق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان پر شبہ ظاہر کیا گیا۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ترکی اقتصادی بدحالی کا شکار ہے اور سعودی عرب اور خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ اپنے پریشان حال تعلقات کو ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
کچھ میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ریاض نے ترکی کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کو ترکی کی جانب سے سعودیوں کے خلاف مقدمہ خارج کرنے سے مشروط کیا ہے۔
گزشتہ ہفتے اس مقدمے کے پراسیکیوٹر نے یہ استدلال کرتے ہوئے کیس کو سعودی عرب منتقل کرنے کی سفارش کی تھی کہ ترکی میں مقدمے کی سماعت بے نتیجہ رہے گی۔
ترکی کے وزیر برائے انصاف نے اس تجویز کی حمایت کرتے ہوئے مزید کہا کہ اگر ترکی کی عدالت سعودی عرب میں ہونے والی کارروائی کے نتائج سے مطمئن نہ ہوئیں تو ترکی میں مقدمے کی سماعت دوبارہ شروع ہو گی، تاہم یہ واضح نہیں کہ کیا سعودی عرب ایک نیا مقدمہ شروع کرے گا؟
انسانی حقوق کے علمبرداروں نے ترکی پر زور دیا تھا کہ وہ مقدمہ سعودی عرب منتقل نہ کرے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل کے سیکریٹری جنرل اگنیس کالمارڈ نے کہا کہ ’اپنی سرزمین پر ہونے والے قتل کے کیس کو منتقل کرنے سے، ترکی جان بوجھ کر اور مرضی سے اس کیس کو اُن لوگوں کے ہاتھ میں واپس بھیج دے گا جو اس کے ذمہ دار تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ درحقیقت سعودی نظامِ عدالت بارہا ترک پراسیکیوٹر کے ساتھ تعاون کرنے میں ناکام رہا ہے اور یہ واضح ہے کہ سعودی عدالت انصاف نہیں دے سکتی۔
انہوں نے سوال کیا کہ ’ترکی کے اعلان کردہ اس عزم کو کیا ہوا جس کے مطابق اس بہیمانہ قتل کے لیے انصاف کی بالادستی ہونی چاہیے اور یہ کیس کبھی بھی سیاسی سمجھوتے اور مفادات کا نشانہ نہیں بنے گا؟‘
نیویارک میں قائم ہیومن رائٹس واچ نے کہا کہ سعودی عرب میں عدالتی آزادی کے مکمل فقدان، خاشقجی کے قتل میں سعودی حکومت کے کردار، ماضی میں انصاف میں رکاوٹ ڈالنے کے لیے اس کی کوششوں اور بنیادی معیارات کو پورا کرنے میں ناکام ایک مجرمانہ نظام انصاف کی موجودگی میں سعودی عرب میں خاشقجی کیس کے منصفانہ ٹرائل کے امکانات صفر کے قریب ہیں۔
واشنگٹن پوسٹ کے لیے لکھنے والے امریکی رہائشی جمال خاشقجی کو 2 اکتوبر 2018 کو استنبول میں سعودی قونصل خانے میں قتل کر دیا گیا تھا، جہاں وہ اپنی ترک منگیتر ہیٹیس سینگیز سے شادی کے لیے درکار دستاویزات جمع کرنے کے لیے گئے تھے۔
ترک حکام کا الزام ہے کہ سعودی ولی عہد کے بارے میں تنقید لکھنے والے جمال خاشقجی کو استنبول بھیجے گئے سعودی ایجنٹوں کی ایک ٹیم نے سعودی قونصل خانے کے اندر قتل کیا اور پھر ان کی لاش کے ٹکڑے کر دیے، جمال خاشقجی کی لاش کی باقیات اب تک نہیں ملیں۔
اس ٹیم میں فرانزک ڈاکٹر، انٹیلی جنس اور سیکیورٹی افسران سمیت وہ افراد شامل تھے جو سعودی ولی عہد کے دفتر کے لیے کام کرتے تھے۔
منبع: ڈان نیوز
The post ترک عدالت نے جمال خاشقجی قتل کیس کی سماعت معطل کردی appeared first on شفقنا اردو نیوز.
