اسلام آباد:سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ سعودی عرب بے لوث دوست ہے جو آزمائش کی گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔سعودی سفیر سے ملاقات میں پارلیمانی رابطوں کو بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
ان کاکہنا تھا کہ دونوں برادر ممالک کے مابین دہائیوں پر محیط اس دوستی میں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مثبت پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہاﺅس میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی سے اپنی ہونے والی ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات پائے جاتے ہیں اور دونوں ممالک نے بین الاقوامی اور علاقائی فورمز پر ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔
اسپیکر کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ آزمائش کی گھڑی میں پوری اترنے والی سدابہا دوستی کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات مذہب، تاریخ اور ثقافت کے بندھنوں میں جڑے ہوئے ہیں۔ سپیکر نے سعودی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب مشکل گھڑی میں ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑے رہا ہے۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔
سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کا اسپیکر کی بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بلاشبہ سعودی عرب اور پاکستان کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت اور عوام پاکستانیوں کو اپنے دل کے قریب رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی ضرورت پڑی سعودی عرب پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے اور رہے گا۔ انہوں نے دونوں قانون ساز اداروں کے درمیان پارلیمانی رابطوں کو بڑھانے پر اتفاق کیا اور اپنی ہر ممکن حمایت کا یقین دلایا۔
