اویسی اور چندرشیکھر پر اکھلیش کا حملہ، کہا- ’سیاست کے سیاح‘ انتخابات قریب آتے ہی سرگرم

آگرہ: سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے قومی صدر اکھلیش یادو نے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے سربراہ اسدالدین اویسی اور آزاد سماج پارٹی (کانشی رام) کے رہنما چندرشیکھر آزاد کو نشانہ بناتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ انتخابات قریب آتے ہی سرگرم ہونے والے ’سیاست کے سیاحوں‘ کی ڈور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ہاتھ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں جتنی ڈھیل دی جائے گی، وہ اتنا ہی آگے بڑھیں گے۔

اکھلیش یادو اتوار کو آگرہ میں منعقدہ ’پی ڈی اے دلت کانفرنس‘ سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے حال ہی میں سماجی تبدیلی مورچہ تشکیل دینے والی اویسی کی اے آئی ایم آئی ایم اور چندرشیکھر آزاد کی آزاد سماج پارٹی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے حالیہ انتخابات میں شکست کے بعد کئی ’سیاست کے سیاح‘ بھی سرگرم ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا، ’’یہ آگرہ ہے، جہاں بڑی تعداد میں سیاح آتے ہیں۔ لوگ سمجھ رہے ہوں گے کہ جیسے ہی انتخابات قریب آئے، سیاست کے سیاح بھی آگئے۔ ان کا او ٹی پی کہیں اور سے آرہا ہے اور وہ کسی دوسرے کے مائیک کے لاؤڈ اسپیکر بن گئے ہیں۔‘‘

اکھلیش یادو نے ان سیاسی جماعتوں اور رہنماؤں کے بارے میں دعویٰ کیا کہ ان کی کمان کہیں اور ہے۔ اے آئی ایم آئی ایم کے انتخابی نشان پتنگ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا، ’’ان سیاست کے سیاحوں کی ڈور کہیں اور ہے اور چرخی بھی کہیں اور ہے۔ یہ اتنا ہی اڑیں گے، جتنی انہیں ڈھیل دی جائے گی۔‘‘

ایس پی صدر نے کہا کہ پہلے بی جے پی کے رہنما پی ڈی اے کی تعریف بیان کرتے تھے، لیکن اب نئے سیاسی رہنما بھی اس کی تشریح کرنے لگے ہیں۔ ان کے مطابق یہ لوگ پی ڈی اے کی سیاست کو سمجھ نہیں پائے ہیں۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ کچھ لوگ کہہ رہے ہیں کہ ’پلٹ دیے اکھلیش‘، لیکن اس بار آگرہ کے لوگ بھی انہیں پلٹ دیں گے۔

اس سے قبل ایس پی کے قومی جنرل سکریٹری رام گوپال یادو نے بھی الزام لگایا کہ بی جے پی پسماندہ طبقات، دلتوں اور اقلیتوں (پی ڈی اے) کی یکجہتی توڑنے کے لیے بعض سیاسی جماعتوں اور افراد کو مالی مدد فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں پی ڈی اے کی متحدہ طاقت کے سبب بی جے پی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اسی سے گھبرا کر وہ اس اتحاد میں پھوٹ ڈالنے کی سازش کر رہی ہے۔

رام گوپال یادو نے اویسی اور چندرشیکھر کی جانب سے تشکیل دیے گئے ’سماجی تبدیلی مورچہ‘ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے الزام لگایا کہ بعض لوگوں کو پیسے دے کر اور کچھ کو ڈرا دھمکا کر بی جے پی کی کٹھ پتلی کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے پی ڈی اے طبقے کے لوگوں سے ایسی کوششوں کے خلاف محتاط رہنے کی اپیل کی۔

انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ بی جے پی یا اس کی حامی جماعتوں کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والے پسماندہ اور دلت طبقوں کے نمائندوں نے اپنے سماج کے حقوق کے مبینہ استحصال کے خلاف کبھی آواز نہیں اٹھائی۔ ان کے مطابق پارلیمنٹ میں آئین کو لاحق خطرات اور پسماندہ و دلت طبقات کے ریزرویشن کے معاملے پر بھی ایسے نمائندوں نے خاموشی اختیار کیے رکھی۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں