شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر بااثر ترین مسلمان شخصیات میں فہرست میں سرفہرست ،عطااللہ تارڑ کی قوم کو مبارکباد

معرکہِ حق سے لے کر عالمی سفارت کاری تک دونوں رہنماؤں نے یہ سفر ایک ساتھ طے کیا،وفاقی وزیرِ اطلاعات

November 15, 2026 · اہم خبریں, قومی

فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو عالمی سطح پر بااثر ترین مسلمان شخصیات کی سالانہ فہرست “دی مسلم 500”  کے 2027 کے ایڈیشن میں مشترکہ طور پر پہلا نمبر حاصل کرنے پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر نے اس اعزاز کو ہر پاکستانی کے لیے اللہ کے حضور شکر ادا کرنے کا لمحہ قرار دیا۔ عطااللہ تارڑ نے کہا کہ مسلم دنیا کی سب سے معتبر سالانہ درجہ بندی میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا مشترکہ طور پر سرفہرست آنا پاکستان کے لیے بڑا اعزاز ہے۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات نے مزید کہا کہ معرکہِ حق سے لے کر عالمی سفارت کاری تک دونوں رہنماؤں نے یہ سفر ایک ساتھ طے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ عالمی اعتراف درحقیقت ہمارے شہدا کی عظیم قربانیوں اور پوری قوم کے اتحاد کو خراجِ تحسین ہے۔ پیغام کے اختتام پر انہوں نے “پاکستان زندہ باد” کا نعرہ بھی درج کیا۔

واضح رہے کہ اردن کے رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر کی جانب سے جاری کردہ سالانہ فہرست میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ساتھ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ترک صدر رجب طیب اردوان کو بھی مشترکہ طور پر سرفہرست رکھا گیا ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں