نئی دہلی: کانگریس کے سینئر رہنما اور راجیہ سبھا کے رکن جے رام رمیش نے مولانا ابوالکلام آزاد اور پنڈت جواہر لال نہرو کے درمیان گہرے تعلقات کو یاد کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں رہنماؤں کی دوستی محض سیاسی نہیں بلکہ ایک مضبوط ذاتی رشتے پر بھی قائم تھی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں رہنما ہندوستان کی مشترکہ تہذیبی وراثت اور ہم آہنگی کی علامت تھے اور ان کی زندگی اور خیالات سے آج بھی بہت کچھ سیکھا جا سکتا ہے۔
کانگریس کے یوٹیوب چینل پر شائع ہونے والی ایک ویڈیو میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جے رام رمیش نے مولانا آزاد اور نہرو سے وابستہ کئی تاریخی واقعات اور کم معروف پہلوؤں کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ مولانا آزاد کی پیدائش 1888 میں ہوئی تھی، جب کہ جواہر لال نہرو 1889 میں پیدا ہوئے۔ دونوں کی پہلی ملاقات 1920 میں ہوئی اور وقت کے ساتھ ان کے درمیان گہری دوستی قائم ہوگئی۔ مولانا آزاد محض 35 برس کی عمر میں ستمبر 1923 میں کانگریس کے صدر منتخب ہوئے تھے۔
جے رام رمیش نے بتایا کہ 1924 میں ناگپور میں فرقہ وارانہ فسادات کے بعد مہاتما گاندھی نے موتی لال نہرو اور مولانا آزاد کو کانگریس کی جانب سے حالات کا جائزہ لینے اور رپورٹ تیار کرنے کے لیے بھیجا تھا۔ انہوں نے آزادی کی جدوجہد کے دوران دونوں رہنماؤں کی قید و بند کی صعوبتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نہرو تقریباً نو سال جب کہ مولانا آزاد لگ بھگ دس سال جیل یا نظر بندی میں رہے۔
انہوں نے 1940 میں رام گڑھ میں منعقدہ کانگریس اجلاس کو مولانا آزاد کی سیاسی زندگی کا اہم سنگ میل قرار دیا۔ ان کے مطابق مولانا آزاد کی صدارتی تقریر اردو میں تھی، جس کا انگریزی ترجمہ جواہر لال نہرو نے کیا تھا۔ اس ترجمے پر مولانا آزاد نے 27 مارچ 1940 کو نہرو کو خط لکھ کر ان کی زبان دانی اور ترجمے کی صلاحیت کی تعریف کی تھی۔
جے رام رمیش نے احمد نگر قلعے میں دونوں رہنماؤں کی قید کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اسی دوران نہرو نے اپنی معروف کتاب ’ڈسکوری آف انڈیا‘ جب کہ مولانا آزاد نے ’غبارِ خاطر‘ تصنیف کی۔ نہرو نے اپنی کتاب کے دیباچے میں مولانا آزاد کی غیر معمولی صلاحیتوں کا خصوصی اعتراف بھی کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ آزاد ہندوستان کی پہلی حکومت میں مولانا آزاد نے 1947 سے 1958 تک تقریباً 11 برس وزیر تعلیم کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ ان کے دور میں آئی آئی ٹی کھڑگپور، ممبئی میں آئی آئی ٹی کے قیام کا فیصلہ، یونیورسٹی گرانٹس کمیشن اور متعدد اہم ثقافتی و تعلیمی اداروں کی بنیاد رکھی گئی۔
جے رام رمیش نے کہا کہ مولانا آزاد تقسیم ہند کے سخت مخالف تھے اور ان کا یقین تھا کہ مذہب کی بنیاد پر کوئی پائیدار قوم تشکیل نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ 1971 میں مشرقی پاکستان کی علیحدگی نے مولانا آزاد کے اس خدشے کو درست ثابت کیا کہ مذہب کی بنیاد پر قائم ملک زیادہ عرصے تک متحد نہیں رہ سکتا۔
انہوں نے ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے ساتھ جواہر لال نہرو، سردار پٹیل، راجندر پرساد اور مولانا آزاد کے کردار کو بھی آئین سازی کے عمل میں اہم قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان کی مختلف زبانوں، مذاہب، ذاتوں اور ثقافتوں کا احترام اور ان کا جشن منانا ہی قومی یکجہتی کی بنیاد ہے۔ جے رام رمیش نے اپیل کی کہ ہر سال 11 نومبر کو مولانا آزاد کے یوم پیدائش پر محض رسمی تقریبات کے بجائے ان کی فکر، خدمات اور موجودہ دور میں ان کی معنویت پر سنجیدہ مذاکرے اور سیمینار منعقد کیے جائیں۔