English Al Qamar Urdu جون 21, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

آصف زرداری کو عمران خان کا پیغام پہنچانے کی ملک ریاض کی مبینہ آڈیو سامنے آگئی

سابق صدر آصف علی زرداری اور پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض کے درمیان ہونے والی مبینہ ٹیلی فونک گفتگو کی آڈیو ریکارڈنگ منظرعام پر آگئی ہے جس میں ملک ریاض کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان ان کے ساتھ مصالحت کے لیے بے تاب ہیں۔

شریک چیئرمین پی پی پی اور ملک ریاض کے درمیان گفتگو کی لیک ہونے والی مبینہ آڈیو ریکارڈنگ عمران خان کی جانب سے اسٹیبلشمنٹ سے پس پردہ رابطوں کی قیاس آرائیوں کے پیش نظر حکومت مخالف دھرنا اچانک ختم کرنے کے 2 روز بعد سامنے آئی ہے۔

الیکٹرانک میڈیا پر رپورٹ کیے جانے اور سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر وائرل ہونے والی اس آڈیو کو پی ٹی آئی نے فوری طور پر جعلی قرار دیا جبکہ پی پی پی کی قیادت اس سے لاتعلق رہی تاہم متعدد پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ یہ حقیقی لگتی ہے۔

تقریباً 32 سیکنڈ کی گفتگو میں (جس کی تاریخ اور وقت کی تصدیق نہیں ہوئی) ملک ریاض کو آصف زرداری سے یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ عمران خان انہیں پی پی پی کے ساتھ مصالحت میں مدد کرنے کے لیے پیغامات بھیج رہے ہیں۔

فوٹو فائل

آڈیو میں مبینہ طور پر ملک ریاض کی جانب سے کہا جاتا ہے کہ ’سر بس بتانا تھا، میں نے پہلے بھی آپ کو بتایا تھا، باتیں آپ سے کرنی ہیں، آپ نے کہا تھا بعد میں کریں گے، آپ کو انفارمیشن دینی تھی، خان کی طرف سے مجھے بڑے میسجز تھے کہ پیچ اپ کروا دیں آپ کے ساتھ، آج تو اس نے مجھے بہت ہی میسجز کیے‘۔

جواب میں مبینہ طور پر آصف زرداری کی جانب سے کہا گیا ’اب یہ ناممکن ہے‘، اس پر ملک ریاض کی جانب سے کہا گیا ’کوئی بات نہیں، میں صرف یہ آپ کے علم میں لانا چاہتا تھا‘ ۔

رابطہ کرنے پر پی پی پی کے متعدد سینئر رہنماؤں نے کہا کہ وہ مبینہ فون کال کے وقت سے آگاہ نہیں ہیں تاہم وہ اس بات کی تصدیق کر سکتے ہیں کہ قومی اسمبلی میں عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی قرارداد جمع کرائے جانے کے بعد ملک ریاض ثالث کا کردار ادا کر رہے تھے۔

پی پی پی کے ایک اور رہنما نے دعویٰ کیا کہ مبینہ آڈیو حقیقی معلوم ہوتی ہے، سابق صدر کے ٹیلی فون ٹیپ کرنے والے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ ایک سنگین معاملہ ہے اور اس کی تحقیقات ہونی چاہئے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے بھی بہاولپور میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران لیک ہونے والی گفتگو کا حوالہ دیا اور دعویٰ کیا کہ یہ ثابت ہو گیا ہے کہ عمران خان کس طرح ڈیل کی بھیک مانگ رہے ہیں۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل کے ذریعے آڈیو ریکارڈنگ کو جھوٹ اور حقیقت سے دور قرار دیا۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’ایک کاروباری شخص اور ایک عمران خان کا مخالف سیاستدان آپس میں بات چیت کر رہے ہیں جس میں عمران خان سے منسوب باتیں کی جا رہی ہیں جن باتوں کا حقیقت سے کوئی لینا دینا نہیں ہے‘-

انہوں نے کہا ’عمران خان کو کسی این آر او کی ضرورت نہیں بلکہ یہ تمام لوگ عمران خان سے این آر او مانگتے رہے ہیں جو کہ نہیں ملا، یہ اسٹوری جھوٹ ہے‘

اس رپورٹ کے شائع ہونے تک ملک ریاض کی جانب سے اس معاملے پر کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔

منبع: ڈان نیوز

The post آصف زرداری کو عمران خان کا پیغام پہنچانے کی ملک ریاض کی مبینہ آڈیو سامنے آگئی appeared first on شفقنا اردو نیوز.

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے