چین نے دنیا کے مدار میں قائم کردہ خلائی اسٹیشن میں فرائض کی ادائیگی کے لئے تیسری ٹائیکوناٹ ٹیم یعنی خلاء باز ٹیم روانہ کر دی ہے۔
چین انسانی خلائی پروگرام ایجنسی کے جاری کردہ بیان کے مطابق جن ڈونگ، لیو یانگ اور جائی شوجی خلاء بازوں پر مشتمل شینجو۔14 نامی خلائی شٹل کو آج مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بج کر 44 منٹ پر لانگ مارچ۔2 ایف راکٹ کے ساتھ صحرائے گوبی میں واقع جی چوئین سیٹلائٹ فائر مرکز سے روانہ کیا گیا ہے۔
فائر کے بعد خلائی شٹل مدار میں داخل ہو گئی ہے اور خلاء بازوں کی صورتحال تسلی بخش ہونے کی اطلاع دی گئی ہے۔
توقع ہے کہ شینجو۔14 آج خلائی اسٹیشن تک پہنچ جائے گی۔
شٹل میں سوار 3 خلاء باز چین کے دنیا کے مدار میں قائم کردہ تئین گونگ نامی خلائی اسٹیشن میں فرائض سرانجام دیں گے۔ فرائض کا دورانیہ 6 ماہ ہو گا اور اس عرصے میں 2 لیبارٹریوں اور دیگر سامان کو خلائی اسٹیشن سے منسلک کیا جائے گا۔