امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سولیوان کا کہنا ہے کہ ان کے پاس یہ خفیہ معلومات موجود ہیں کہ ایران عنقریب یوکیرین کی جنگ کے لیے ماسکو کو مسلح ڈراؤنز سمیت سینکڑوں کی تعداد میں ڈراؤنز روانہ کرے گا اور روسی فوجیوں کو ان کی ٹریننگ بھی دے گا۔
سولیوان نے وائٹ ہاؤس میں یومیہ پریس بریفنگ میں امریکی صدر جو بائیڈن کے آج سے شروع ہونے والے مشرق وسطی کے ممالک کے دوروں کا جائزہ پیش کیا اور اخباری نمائندوں کے سوالات کے جواب دیے ۔
ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کے معاملے میں ایران کو بعض نمایاں اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دینے والے سولیوان نے بتایا کہ ’’ اس معاہدے کے لیے کسی ٹائم فریم کا تعین نہیں کیا گیا، اس وقت مذاکرات کی میز پر ایک معاہدہ موجود ہے، جس کی ہم اور ہمارے یورپی شراکت دار حمایت کرتے ہیں ، ایران کو اس ضمن میں بعض اقدامات اٹھانے چاہییں۔
سولیوان نے کہا کہ روس وہ حاصل نہیں کر سکا جو وہ چاہتا تھا اور 24 فروری کو شروع ہونے والی روس-یوکرین جنگ کے حوالے سے اسے کچھ ہتھیاروں کے مسائل تھے۔
"خفیہ معلومات کے مطابق ایرانی حکومت جلد ہی روس کو سینکڑوں ڈراؤنز فراہم کرے گی جن میں آرمڈ ڈراؤنز بھی شامل ہیں ۔ یہ معلومات اس بات کی طرف اشارہ کرتی ہیں کہ ایران روسی فوجیوں کو ان ڈراؤنز کو استعمال کرنے کی تربیت دے گا اور یہ عمل رواں ماہ شروع ہو سکتا ہے۔”
