وزیر صحت سندھ اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما سعید غنی ایک بار پھر کورونا وائرس کا شکار ہوگئے جبکہ ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب بھی تیزی سے پھیلتے وائرس سے متاثر ہوگئے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں سعید غنی نے بتایا کہ ‘میری طبیعت گزشتہ کچھ روز سے ٹھیک نہیں تھی، 4 روز قبل ٹیسٹ کروانے پر معلوم ہوا کہ میں دوسری مرتبہ کورونا وائرس میں مبتلا ہوچکا ہوں۔’
انہوں نے مزید بتایا کہ ڈاکٹرز کی ہدایت کے مطابق میں نے خود کو لوگوں سے دور الگ تھلگ رکھا ہوا ہے اور آئسولیشن اختیار کر رکھی ہے۔
صوبائی وزیر نے مزید بتایا کہ کورونا وائرس کی معمولی علامات کے علاوہ میری طبیعت بہتر ہے۔
واضح رہے کہ صوبائی وزیر اس سے قبل مارچ 2020 میں بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے۔
اس وقت بھی سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو میں صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ‘گزشتہ روز میں نے کورونا وائرس کا ٹیسٹ کروایا جس کی رپورٹ مثبت آئی ہے’۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ ‘اپنی ذمہ داریاں گھر پر آئیسولیشن میں رہ کر ادا کر رہا ہوں اور شہری بھی گھروں پر رہیں’۔
گذشتہ روز میں نے کورونا وائرس کا ٹیسٹ کروایا جسکی رپورٹ مثبت آئی ہے تاحال جو Symptoms اس وائرس کے بتائے جاتے ہیں ان میں سے مجھے کچھ محسوس نہیں ہورہا اور میں خود کو بالکل صحتمند محسوس کررہا ہوں اور اپنی ذمہ داریاں گھر پر isolation میں رہ کر ادا کررہا ہوں۔ شہری بھی گھروں پر رہیں pic.twitter.com/2vzS7qt0SY
— Senator Saeed Ghani (@SaeedGhani1) March 23, 2020
