English Al Qamar Urdu جون 21, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پیوٹن اور طیب اردوان شام امن مذاکرات کیلئے ایران کا دورہ کریں گے

القمر

کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا ہے کہ روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن آئندہ منگل کو تہران کے دورے کے دوران اپنے ترک ہم منصب رجب طیب اردوان اور ایرانی صدر ابراہیم رئیسی سے شام کی صورتحال سے متعلق بات چیت کریں گے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کی رپورٹ کے مطابق رواں سال 24 فروری کو یوکرین میں ماسکو کی مسلح مداخلت کے آغاز کے بعد ولادیمیر پیوٹن کا یہ دوسرا غیر ملکی دورہ ہوگا، اس سے قبل روسی صدر نے جون کے آخر میں وسطی ایشیا کا اپنا پہلا غیر ملکی دورہ کیا تھا۔

کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے مزید بتایا کہ شام میں امن عمل کے لیے تیار کردہ آستانہ معاہدے کی 3 ضامن ریاستوں کے سربراہان سہ فریقی اجلاس کریں گے۔

روس اور ایران، شام کے صدر بشار الاسد کے اہم فوجی اور سیاسی حمایتی ہیں جبکہ ترکی نے آزاد شامی فوج اور دیگر باغی گروپوں کو فوجی مدد فراہم کی ہے جو اب بھی شمال مغربی شام میں بشار الاسد کی افواج کے خلاف لڑ رہے ہیں۔

24 فروری کو روس کی جانب سے اپنی مسلح افواج کو یوکرین میں بھیجنے کے بعد سے رجب طیب اردوان ماسکو اور کیف کے درمیان ثالثی کی کوششیں کر رہے ہیں۔

ترجمان کریملن دمتری پیسکوف نے گزشتہ روز کہا تھا کہ ترک صدر فون پر بات چیت کے فوری بعد ذاتی طور پر بات چیت کریں گے، ٹیلی فونک رابطے کے دوران دونوں رہنماؤں نے یوکرین سے اناج کی برآمدات میں سہولت فراہم کرنے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

دمتری پیسکوف نے آج جاری ہونے والے اپنے بیان میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے درمیان تہران میں ہونے والی کسی دوطرفہ ملاقات کا ذکر نہیں کیا۔

منبع: ڈان نیوز

The post پیوٹن اور طیب اردوان شام امن مذاکرات کیلئے ایران کا دورہ کریں گے appeared first on شفقنا اردو نیوز.

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے