English Al Qamar Urdu جون 29, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

وزیراعظم شہباز ششریف کی نیلم جہلم ہائیڈرو پاور منصوبے کو جلد از جلد بحال کرنے کی ہدایت

القمر

وزیر اعظم محمد شہبازشریف نے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور منصوبے میں فنی خرابی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی ہےکہ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور منصوبے کو جلد از جلد بحال کیا جائے۔ وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے 969 میگا واٹ بجلی کے حامل نیلم جہلم ہائیڈرو پاور منصوبے میں فنی خرابی پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم نے اس سلسلے میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی، جس میں انہیں اس خرابی کی نوعیت اور بحالی کے کام پر پیش رفت سے تفصیلاً آگاہ کیا گیا۔وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی ساڑھے 3 کلومیٹر طویل ٹیل ریس واٹرٹنل کی بندش کے باعث پاور ہاؤس سے بجلی کی پیداوار متاثر ہوئی، اور یوں بدقسمتی سے حالیہ شدید گرمی کے موسم میں قومی گرڈ 969 میگا واٹ سستی اور ماحول دوست پن بجلی سے محروم ہو گیا۔

وزیر اعظم نے واقعے کا سخت نوٹس لیا، اورمتعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ واقعے کی فوری طور پر مستند عالمی اداروں سے انکوائری کرانے کے ساتھ ساتھ پلانٹ کی بحالی کا کام جلد از جلد مکمل کریں۔ انہوں نے اس سلسلے میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاکر عوام کو جلد از جلد ریلیف پہنچانے کے احکامات جاری کیے۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ہم ترقیاتی کاموں میں شفافیت اور معیار کو یقینی بنانے کے لیے کمپنیز کی پری کوالیفیکیشن اور تھرڈ پارٹی مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن کا موثر نظام لا رہے ہیں۔اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، وزیر توانائی انجینئیرخرم دستگیر، وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے