English Al Qamar Urdu جون 29, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پاکستان تحریک انصاف نے سرپرائز دے دیا، پنجاب میں میدان مار لیا

القمر

کیا ناتجربہ کار پی ٹی آئی نے تجربہ کار ن لیگ کو بند گلی میں دھکیل دیا؟

حکومت کی چولیں ہل گئیں، اتحادی حکومت مزید چلے گی یا نہیں؟ شہباز شریف نے مشاورت شروع کردی

ہم نے کہا تھا کہ 17 تاریخ کو ہم سرپرائز دینگے، عوام نے عمران خان کا بیانیہ تسلیم کرلیا، آج اس پر مہر لگ گئی، عمر ایوب کی گفتگو

اسلام آباد (شفقنا نیوز) اور آخر کار پاکستان تحریک انصاف نے میدان مار لیا، بڑی مذہبی سیاسی جماعتوں کی حمایت بھی ن لیگ کے کام نہ آئی، کئی حلقوں میں ایک مرتبہ پھر ن لیگ کو تحریک لبیک کے ووٹ کا جہاں ڈینٹ پڑا وہیں تحریک انصاف کے مضبوط بیانیہ نے پنجاب کی حکومت بنانے کے لیے کلیدی نشستوں کو وفاقی و صوبائی حکومتوں کے باوجود ن لیگ سے چھین لیا- مسلم لیگ ن کی قیادت مریم نواز سمیت دیگر رہنماؤں نے کھلے دل سے شکست کو تسلیم کرلیا۔

ذرائع نے شفقنا نیوز کو بتایا کہ ضمنی انتخابات کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے بعد میاں شہباز شریف کی زیر صدرات ہنگامی اجلاس ہوا- اجلاس میں ضمنی انتخابات میں ن لیگ کو شکست ، اس کے اسباب کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں پنجاب کی سیاست کے حوالے سے آئندہ کی حکمت عملی اور وفاقی اتحادی حکومت کے مستقبل پر بھی مشاورت کی گئی- ذرائع کا مزید بتانا ہے کہ وزیراعظم میاں شہباز شریف نے اس سلسلے میں سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کیساتھ بھی مشاورت کی ہے اور انہیں تمام صورتحال بارے آگاہ کیا گیا بعد ازاں آصف علی زرداری ، بلاول بھٹو زرداری اور مولانا فضل الرحمان کے ساتھ بھی ابتدائی گفتگو ہوئی اور جلد مشاورتی اجلاس بلانے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے اسی سلسلے میں پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا ہنگامی اجلاس آج طلب کرلیا ہے جس میں آئندہ کی حکمت عملی بارے مشاورت ، پنجاب کی سیاسی صورتحال اور خصوصاً اتحادی حکومت کے مزید چلنے یا پھر الیکشن بارے رائے لی جائیگی، ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان بھی اس سلسلے میں اپنی جماعت سے مشاورت کریں گے جبکہ ایم کیو ایم، بی این پی، بی اے پی سمیت دیگر جماعتوں نے بھی مشاورتی عمل شروع کردیا ہے۔

پنجاب کی بدلتی صورتحال، وفاقی و صوبائی اسمبلیوں کی مدت پوری کرنے یا پھر تحلیل ہونے بارے جب مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور پنجاب کے ترجمان ملک احمد خان سے استفسار کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ابھی سرکاری اور حتمی نتائج نہیں آئے البتہ ہم ابتدائی نتائج کو تسلیم کرچکے ہیں جہاں تک اسمبلیاں تحلیل کرنے یا برقرار رکھنے کا فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی چونکہ وفاق میں ایک اتحادی حکومت ہے اور اتحادیوں سے مشاورت کے بغیر کوئی قدم نہیں اٹھایا جائیگا اس معاملے پر ہم ہر پہلو کا جائزہ لیں گے، اس میں کوئی شک نہیں کہ ابتدائی نتائج میں پی ٹی آئی کو برتری مل چکی ہے اور لامحالہ پی ٹی آئی ہی پنجاب میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے، یہ حیران کن اور پی ٹی آئی کی غیر معمولی فتح ہے ، اس میں کوئی شک نہیں کہ حالیہ مشکل ترین معاشی فیصلوں کے علاوہ دیگر عوامل نے تحریک انصاف کی جیت میں اہم کردار ادا کیا اگر الیکشن ڈیڑھ سال بعد آتے تو نتائج مختلف ہوتے-

پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما عمر ایوب نے شفقنا اردو سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہم نے آپ سے کہہ دیا تھا کہ 17 تاریخ کو ہم نہ صرف جیتیں گے بلکہ سرپرائز دینگے آپ دیکھ لیں ہماری جیت اتنی اور روز روشن کی طرح واضح ہے کہ ن لیگ کے پاس شکست تسلیم کرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا، میں نے کہا تھا کہ قوم عمران خان کا بیانیہ تسلیم کرچکی ہے اور آج قوم نے امریکی غلامی کو ٹھکرا کر اس بیانیہ پر ووٹ کی پرچی کے ساتھ مہر تصدیق ثبت کردی ہے-
ادھر پاکستان پیپلز پاکستان، جے یو آئی سمیت کی بڑی مذہبی سیاسی جماعتوں کا نظریاتی اختلاف کے باوجود کھلم کھلا حمایت کی مگر پھر بھی مسلم لیگ ن کو شکست سے دوچار ہونا پڑا ذرائع کا بتانا ہے کہ ایک مرتبہ پھر جماعت اسلامی اور تحریک لبیک اور خصوصاً تحریک لبیک کے ووٹ بینک نے موجودہ حکمران جماعت کی شکست میں بنیادی کردار ادا کیا ہے جبکہ ذرائع کا مزید بتانا ہے کہ راولپنڈی میں راجا ظفر الحق اور راجا صغیر کے حلقہ کی سطح پر اختلاف کے سبب اور ن لیگ کی بجائے تحریک انصاف سے آئے "لوٹوں” کو ٹکٹ دینے کے سبب نے بھی حکومت کو شکست سے دوچار کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے- ذرائع کا مزید بتانا ہے کہ جس بند گلی میں مسلم لیگ داخل ہوگئی اس سے نکلے گی کیسے ؟ اس اہم سوال پر ن لیگی قیادت نے سر جوڑ لئے ہیں۔

انتظار حسین

The post پاکستان تحریک انصاف نے سرپرائز دے دیا، پنجاب میں میدان مار لیا appeared first on شفقنا اردو نیوز.

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے