ڈاکٹر مہمت اُچار کے طبّی مشوروں پر مبنی پروگرام چشمہ شفاء کے ساتھ آپ کی خدمت میں حاضر ہیں۔
آج ہم آپ کے ساتھ صحت کے جس مسئلے اور اس کا گھریلو علاج پر بات کریں گے وہ ہے "جوڑوں کا درد”۔
جوڑوں کا درد بڑھتی ہوئی عمر کے ساتھ اور عام طور پر کُرکُری ہڈی کی کمزوری، جوڑوں کو چکنا کرنے والے سیّال میں کمی یا پھر خاتمے کے نتیجے میں پیدا ہوتا ہے۔
جوڑوں یا ہڈیوں کے درد کے گھریلو علاج کےلئے تجاویز:
1۔ مالش
جوڑوں کے درد لئے سب سے پہلی تجویز مالش ہے ۔ موزوں ماحول اور درست طریقے میں مالش جوڑوں کے درد میں آرام دیتی ہے۔ مالش کے لئے بعض جڑی بوٹیوں کے تیل استعمال کئے جا سکتے ہیں۔ اخروٹ کا تیل، کسٹر آئل، کھوپرے کا تیل یا پھر ہارس چیسٹ نٹ کے تیل کا استعمال موزوں ثابت ہو گا۔ ان تیلوں کی مالش جوڑوں میں دوران خون کو تیز کر کے درد میں افاقہ دے گی۔ اس کے علاوہ زیتون کے تیل سے مالش بھی آزمودہ طریقہ ہے۔ دن میں دو دفعہ زیتون کے تیل سے متاثرہ جگہ پر مالش کریں اور مالش کے بعد فوراً دھونے کی بجائے تیل کو جلد میں جذب ہونے کا موقع دیں۔
2۔ ورزش
مختصر فاصلے کی چہل قدمی اور تیراکی کو جوڑوں کی صحت کے حوالے سے نہایت موئثر ورزشیں شمار کیا جاتا ہے۔ مختصر وقت سے شروع کر کے روزانہ باقاعدگی سے تیراکی کرنے سے ہڈیوں کے درد میں کمی آتی ہے۔
3۔ ادرک
ادرک جوڑوں کے درد کو ختم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ روزانہ ایک کپ ادرک کی چائے کا استعمال تکلیف میں کمی کرنے میں مددگار ہو سکتا ہے۔
4۔ چنار کے پتّے
چنار کے صاف پتوں کو کچھ دیر کے لئے گرم پانی میں رکھیں اور پانی کی حدت کم ہونے پر ان پتّوں سے متاثرہ جگہ پر ٹکور کریں۔ احتیاط کریں کہ متاثرہ جگہ صاف ستھری ہو۔
5۔ ہلدی
جوڑوں کے درد میں ہلدی کے استعمال کا طریقہ نوٹ فرما لیں:
آدھا میٹھے کا چمچ ہلدی
2 گلاس پانی
ہلدی کو پانی میں ڈالیں اور ہلکی آنچ پر گرم ہونے دیں۔ ایک اُبال آنے پر چولہے سے اُتار لیں اور 6 سے 7 منٹ تک دم پر رکھ دیں۔ بعد ازاں صبح شام ایک گلاس ہلدی کا پانی استعمال کریں۔
6۔ انناس
انناس جوڑوں کے درد میں سب سے زیادہ مفید پھل ہے۔ اس میں شامل اجزاء جوڑوں میں پس کو کم کرتے اور درد میں آرام لاتے ہیں۔ استعمال کا طریقہ نوٹ فرما لیں۔
تازہ انناس 2 قاشیں
پینے کا پانی ایک لیٹر
انناس کی قاشوں کو بلینڈر میں ڈالیں اور ایک لیٹر پانی شامل کر کے 5 منٹ تک گرائنڈ کریں۔ اس آمیزے کو دن میں 4 دفعہ استعمال کریں۔ ختم ہونے پر دوبارہ تازہ تیار کریں۔
7۔ ٹھنڈے پانی کی مچھلیاں
ٹونا اور سامن جیسی ٹھنڈے پانی کی مچھلیوں میں وافر مقدار میں اومیگا 3 پایا جاتا ہے جو جوڑوں کے درد میں نہایت مفید ثابت ہوتا ہے۔
8۔ ہڈیوں کی یخنی کا استعمال بھی ہڈیوں کو قوّت بخشتا اور جوڑوں کے درد سے نجات دِلاتا ہے۔
9۔ ہول ویٹ
وافر مقدار میں بھوسے کی وجہ سے ہول ویٹ کو ترجیح دی جانی چاہیے۔ جن افراد کو جوڑوں کے درد کا عارضہ ہو انہیں ہول ویٹ ، جئی کے بھوسے اور سیاہ گندم کے استعمال کی تجویز دی جاتی ہے۔
10۔ پھل اور سبزیاں
انناس، بروکولی، لہسن، انجیر، سبز پتّوں والی سبزیاں، انار، شہتوت، اسٹرابیری، سیب، چقندر، گاجر، حلوہ کدو، شکر قندی اور ٹماٹر جوڑوں کے درد میں مفید ثابت ہونے والی سبزیاں اور پھل ہیں۔
11۔ انگور کے پتّے
انگور کے پتّوں میں وافر مقدار میں کیلشئیم پایا جاتا ہے۔ 100 گرام انگور کے پتّوں سے 392 ملی گرام کیلشئیم حاصل کیا جا سکتا ہے۔ اس وجہ سے یہ ہڈیوں کی ساخت کے لئے نہایت اہم غذا شمار کئے جاتے ہیں۔
12۔ روز میری
پس اور سوجن کے خاتمے میں مفید ہونے کی وجہ سے جوڑوں کے درد کے علاج میں روز میری کے استعمال کا مشورہ دیا جاتا ہے۔
13۔ بادام
وٹامن ای سے مالا مال ہونے کی وجہ سے بادام جوڑوں کے درد میں مفید ثابت ہوتا ہے۔
14۔زعفران کا استعمال جوڑوں اور پٹھوں کے درد میں نہایت درجے مفید چیز ہے۔
15۔ لونگ
لونگ کا استعمال نہ صرف جوڑوں کے درد میں افاقہ دیتا ہے بلکہ اس میں شامل اینٹی آکسیڈنٹ کُرکُری ہڈی اور جوڑوں کی شکست و ریخت کے عمل کو بھی سُست کرتے ہیں۔ تکلیف میں کمی کے لئے یومیہ آدھا یا ایک چائے کا چمچ لونگ استعمال کئے جا سکتے ہیں۔
