کراچی: گلبرگ پولیس نے موسیٰ کالونی میں گرنے والی 6 منزلہ عمارت کے مالک عامر بابا کو گرفتار کرلیاہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم عامر بابا پولیس کا سابق اہلکار ہے جس نے مذکورہ پلاٹ ایک بلڈر کو فروخت کر دیا تھا، ملزم نے بیان دیا ہے کہ اس نے 2 پلاٹ جن کے نمبر 1113 اور 1114 ہیں ایک کروڑ میں اسرار نامی شخص سے خریدے تھے اور کچھ روز کے بعد وہ ہی پلاٹ ایک کروڑ 34 لاکھ روپے میں جواد نامی بلڈر کو فروخت کر دیئے۔
ملزم کا کہنا ہے کہ بلڈر جواد، یعقوب اور آصف ایس بی سی اے اور کے ایم سی سے ڈیل کرتے تھے، گرنے والی عمارت میں پورشنز بنائے اور ایک پورشن 25 سے 30 لاکھ میں فروخت کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم عامر بابا نے کچھ پورشنز کی ڈیل بھی کرائی تھیں،ایس ایچ او گلبرگ امتیاز تنولی کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
