لاہور: صدر گورننگ باڈی ثریاعظیم اسپتال و امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ سرکاری اسپتالوں میں سہولیات کا فقدان حکمرانوں اورمحکمہ صحت کی مجرمانہ غفلت ہے۔
ذکراللہ مجاہد نے کہا کہ شہر لاہور کے تمام سرکاری اسپتالوں میں اربوں، کروڑوں روپے کے فنڈز ہونے کے باوجود ادویات اور سہولیا ت کی عدم فراہمی حکمران، محکمہ صحت اور متعلقہ انتظامیہ کے لاکھوں روپے تنخواہوں پر کام کرنے والوں افسروں کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقتدار کے بغیر جماعت اسلامی شہر لاہور میں دو ہزار کے قریب یتیم بچوں کی کفالت ایک ہزار سے زائد بیواؤں کیلئے ماہانہ راشن کی فراہمی، ہزاروں بچوں کی ماہانہ تعلیمی اخراجات اور ثریا عظیم اسپتال سمیت درجنوں ڈسپنسریوں کے اہل لاہورکے مستحق افراد کو علاج معالجہ کی مفت سہولیات فراہم کر رہی ہے ہمارا یہ دعوی ہے کہ اسی طرح کی خدمت کا جذبہ رکھنے والی اور دیانتدار قیادت ہی پاکستان قوم کے مسائل کو حل کر سکتی ہے اور باقی پارٹیوں کی تبدیلی ستر سال سے قوم کے سامنے ہے۔
میاں ذکر اللہ مجاہد حکومت اور محکمہ صحت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ڈیڑھ کروڑ کی آبادی والے شہر کے چند سرکاری ہسپتال میں ڈاکٹروں کو بنیادی سہولیات، مریضوں کیلئے مفت ٹیسٹ اور ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے نوٹس کے باوجود جان بچانے والی ادویات کی قلت اور ان میں بے تحاشہ اضافہ کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
