English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

مہنگائی میں 37فیصد اضافہ اتحادی حکومت کی ناکامی کا ثبوت ہے،جاوید قصوری 

القمر

لاہور: امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہاہے کہ پاکستان میں بجٹ اقدامات پر عمل در آمد ، روپے کی تیزی سے بے قدری اور عالمی منڈی میں اجناس اور توانائی کی قیمتوں میں اضافے کے سبب مہنگائی میں 37فیصد سے زائد کا اضافہ ہوچکا ہے۔

ایک طرف بجلی سمیت 30سے زائد اشیا کی قیمتوںمیں ہوشربا اضافہ ہوا ہے جبکہ دوسری جانب ڈالر کی مسلسل اڑان کا سلسلہ جاری ہے، اوپن مارکیٹ میں ڈالر247روپے تک جا پہنچا ہے۔ 48گھنٹوں میں ایل پی جی قیمت میں 30روپے فی کلو اضافہ ہوا ہے۔رہی سہی کسر بجلی کے نرخوں میں ہوشربا اضافے نے پوری کر دی ہے ۔

50پیسے فی یونٹ اضافے کے بعد صارفین پر 12ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ غربت اور افلاس کی چکی میں عوام پہلے ہی پسے پڑے ہیں اور مہنگائی کے ہاتھوں تنگ آکر خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔

ان کے لیے جسم کا روح سے ناطہ برقرار رکھنا بھی محال ہوچکا ہے۔ حکمرانوں نے اپنے شاہانہ اخراجات کو کم کرنے کی بجائے عوام کو زندہ درگور کرنے کا منصو بہ بنا رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کا یہ المیہ ہے جو بھی حکومت بر سر اقتدار آئی اس نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے کچھ نہیں کیا۔ سب ”نہلے پر دہلا” ثابت ہوئے ہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ

ان ظالم اور آئی ایم ایف کے غلاموں سے نجات حاصل کی جائے ۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ سیاستدا ن لاڈلے بننے کی دوڑ میں لگے ہوئے ہیں جبکہ عوام سیلاب اور مہنگائی کے اثرات سے مررہے ہیں۔ معاشی بد حالی کا یہ عالم ہے کہ اگر ملک میں فوری انتخابات نہ کروائے گئے تو پاکستان کے حالات سری لنکا جیسے ہوسکتے ہیں۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت اور اپوزیشن وقتی مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملکی مفادات میں سوچیں اور ملک و قوم کو درپیش بحرانوں سے نکالنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے