اسلام آباد (رپورٹ : حماد حسین ) یکم اگست 2022: ڈاکٹر مختار احمد نے چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کا عہدہ سنبھال لیا ہے۔ وہ پہلے بھی 2014 سے 2018 تک بطور چیئرمین ایچ ای سی، 2013 سے 2014 تک بطور ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ایچ ای سی، اور 2005 سے 2011 تک بطور ممبر (آپریشنز اینڈ پلاننگ) ایچ ای سی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔
ڈاکٹر مختار نے گزشتہ دو دہائیوں میں اعلٰی تعلیمی شعبے میں اصلاحات لانے، خواہ وہ یونیورسٹی تعلیم تک رسائی میں اضافے ِ، معیار تعلیم میں بہتری، اعلٰی تعلیم کے لیے وفاقی و صوبائی بجٹ میں اضافے، جامعات کے انفراسٹرکچر میں بہتری، قومی و بین الاقوامی اشتراک کے فروغ، یا اعلٰی تعلیمی شعبے میں غیر قانونی مشقوں کی روک تھام سے متعلق ہوں، میں کلیدی کردار ادا کیا۔
ڈاکٹر مختار احمد نے اسلامک ایجوکیشنل، سائنٹیفک اینڈ کلچرل آرگنائزیشن (Islamic Educational, Scientific and Cultural Organization — IESCO) رباط، مراکش میں بھی ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل کو طور پر خدمات سرانجام دیں، جہاں وہ ڈائریکٹوریٹس آف ایجوکیشن، سائنس، کلچر اینڈ کمیونیکیشن؛ آئی سی پی ایس آر (ICPSR)ِ، سی پی آئی ڈی (CPID)ُپلاننگ اینڈ سٹریٹیجک ڈویژن (Planning and Strategic Division) اور آئیسکو ریجنل سنٹرز میں ذمہ داریاں نبھاتے رہے۔
ڈاکٹر مختار احمد نے یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد سے بیچلرز اور ماسٹرز آٖ ف سائنس، جبکہ یونیورسٹی آف کیلیفورنیا، ریورسائیڈ امریکہ سے بزنس ایڈمنسٹریشن میں ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کی ڈگریاں حاصل کیں۔ وہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر تعلیمی ترقی اور نظم و نسق بشمول تدریس، تحقیق، انتظام و انصرام، پالیسی سازی، تحقیقی سرگرمیوں سے شعبہ صنعت سے ہم آہنگی، اور انٹرپرینیورشپ کی ترویج وغیرہ میں تین دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط تجربے کے حامل ہیں۔اُن کا نابغہ روزگار پیشہ ورانہ کیریئرپاکستان اور بیرون ملک سرکاری و نجی شعبہ جات میں متنوع تعلیمی، تحقیقی، اور انتظامی تجربات سے مزین ہے۔