ہندوستان کا ظلم بربریت کشمیریوں کا جذبہ آزادی سرد نہیں کر سکتا ۔
ہندوستان کی طرف سے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنا بین الاقوامی قانون ، اقوام متحدہ کی قراردادوں اور شملہ معاہدہ کی خلاف ورزی ہے ۔ پاکستان کے شکر گزار ہیں کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کی۔
ان خیالات کااظہار ڈائریکٹر کشمیر پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ راجہ محمد سجاد خان نے یوم استحصال کے موقع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
اس موقع پر میڈیا کوآرڈینیٹر جموںوکشمیرلبریشن کمیشن سردار علی شان بھی موجود تھے۔
سیمینار سے نو ر القمر ، دانیال قریشی ،ذوہیب قریشی ،صاحبزادہ احمد جمال ، لاریب گیلانی ، طاہر چوہدری ، سید اسامہ علی کاظمی نے بھی خطاب کیا۔
راجہ محمد سجاد خان نے کہا کہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں آبادی کی ہیت کو تبدیل کرنا چاہتا ہے عالمی برادری ہندوستان کے توسیع پسندانہ اور جارحانہ اقدامات کو روکے ۔ ہندوستان کے عزائم خطے میں امن اور ترقی میں رکاوٹ ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ آج نہ صرف کشمیری بلکہ پوری پاکستانی قوم بھی ہندوستان کی طرف پانچ اگست 2019کے اقدامات کے خلاف یوم سیاہ منا رہی ہے ۔ پاکستان مسئلہ کشمیر کا ایک بنیادی فریق ہے اور پاکستان نے تمام بین الاقوامی فورموں پر ہندوستان کے کشمیر پر ناجائز قبضہ اور مظالم کو بے نقاب کیا کشمیری اور پاکستان لاز م وملزوم ہیں ۔
مضبوط و مستحخم پاکستان کشمیریوں کی ہندوستان سے آزادی کا ضامن ہے انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کی جہاں سے ذمہ داری ہے کہ وہ ہندوستان کی طرف سے کشمیریوں کے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بے نقاب کریں وہاں ہی پاکستان مخالف کرداروں کے منفی پراپیگنڈے کا بھی دلیل سے مقابلہ کریں ۔پاکستان کا استحکام وخوشحالی کشمیریوں کے مفاد میں ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے گزشتہ تین سالوں میں مقبوضہ جموںوکشمیر میں 662کشمیریوں کو شہید کیا، 2278افراد زخمی کیے گئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں ‘1093گھروں اور دکانوں کو تباہ کیا گیا 17993افراد بغیر کسی جرم کے گرفتار کیے گئے ۔ 125 خواتین کی عصمت دری کی گئی تمام کشمیری حریت قیادت کو گرفتار رکھا گیا ہے اور کشمیری حریت رہنمائوں و کارکنوں کو ہندوستان کی جیلوں میں منتقل کیا جا رہا ہے ۔
راجہ محمد سجاد خان نے کہا کہ سید علی گیلانی اور اشرف صحرائی کی دوران حراست طبعی امداد نہ ملنے سے شہادت ہوئی ۔یاسین ملک کو جھوٹے اور بے بنیاد مقدمہ میں سزا دی گئی ۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری ہندوستان سے آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے ہندوستان کے جبر اور ظلم کی مذمت کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہندوستان کے ناجائز قبضہ سے آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی ۔

