اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر نے کہا ہے کہ اس وقت ملک کو عمرانی فتنے سے بچانا سب سے اہم ہے، تاریخ نے ثابت کیا ہے کہ جس جس کو غدار کا لقب دیا گیا وہ محب وطن تھے،عمران خان کو غداری کارڈ نہیں کھیلنے دیں گے،ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد مذ موم مہم چلائی گئی.
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا کہ پاکستان کے آئین پر عمل درآمد کرنا بہت اہم ہے، پاکستان کی معیشت کا عمران خان نے بیڑہ غرق کیا لیکن معاشی بحران سے نمٹنے کا آغاز ہو گیا ہے، آنے والے دنوں میں مہنگائی میں کمی آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 2014 میں فسطائیت کا آغاز کیا، بجلی کے بلوں کو آگ لگائی، عوام کو سول نافرمانی پر اکسایا، نفرتوں کے بیج بوئے، زبردستی ایک جتھے کے ذریعے لوگوں کو پولیس سے آزاد کرایا گیا لیکن غداری کارڈ نہیں کھیلنے دیں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے ہنڈی کے ذریعے ملک میں پیسے لانے کی مہم چلائی۔ انہوں نے دعوی کیا کہ معیشت میں جو بے یقینی تھی وہ ختم ہو گئی ہے اور حکومتی اقدامات کی وجہ سے بہتری کی جانب گامزن ہے، معاشی امور میں بہتری آرہی ہے، ملک میں وسیع البنیاد جمہوری حکومت قائم ہے۔
انجینئر خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ جمہوریت کے فروغ کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہو گا۔ وفاقی وزیر خرم دستگیر نے کہا کہ آزادی اظہار اور اداروں پر الزامات لگانے میں فرق ہے، ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد مذ موم مہم چلائی گئی۔
