English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

مجسٹریٹ، پولیس سربراہ کو دھمکیوں کے بعد عمران خان کی تقریر لائیو دکھانے پر پابندی

القمر

سابق وزیر اعظم عمران خان کی تقاریر ٹی وی چینلر پر براہِ راست نشر کرنے پر پیمرا کی جانب سے پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

ہفتے کی شام عمران خان نے ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد پولیس کے سربراہ اور سول جج زیبا گل کو براہِ راست دھمکیاں دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ انہیں چھوڑیں گے نہیں۔ اس تقریر کے سوشل میڈیا پر کلپس لاکھوں کی تعداد میں دیکھے گئے جس کے بعد پیمرا کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف (PTI) کے سربراہ کی تقرار براہ راست دکھانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

پیمرا کے نوٹس میں لکھا گیا ہے کہ عمران خان نے ریاستی اہلکاروں کے خلاف نفرت انگیز، تضحیک آمیز اور بلااشتعال تقریر کی تھی جس کے بعد متعلقہ قوانین کے تحت تمام سیٹلائٹ ٹی وی چینلز پر عمران خان کی تقاریر کو براہ راست دکھانے پر پابندی عائد کی گئی ہے اور اس حکم کی خلاف ورزی کرنے والے چینل کا لائسنس منسوخ کیا جا سکتا ہے۔

ٹی وی چینلز کو ہدیت کی گئی ہے کہ یہ غیر جانبدار ایڈیٹوریل بورڈ تشکیل دیں تاکہ اس قسم کے نفرت انگیز مواد کو ٹی وی چینلز پر نشر ہونے سے پہلے چیک کیا جا سکے۔

یاد رہے کہ عمران خان کی تقریر کے بعد ٹی وی پر خبریں نشر ہوئی تھیں کہ پولیس کے سپاہیوں نے عمران خان کی سکیورٹی پر ڈیوٹی دینے سے انکار کر دیا ہے۔ اس کے چند گھنٹے بعد ایک ویڈیو بھی سامنے آئی جس میں ایک سپاہی کو کہتے دیکھا جا سکتا ہے کہ ہمارے آئی جی کو عمران خان کی جانب سے دھمکیاں دی گئی ہیں اور ہم ان کی سکیورٹی کی ڈیوٹی دینے کے لئے تیار نہیں ہیں۔

پیمرا کی اس پابندی کے بعد تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ اس سے عمران خان کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ سینیئر صحافی احمد ولید نے ٹوئیٹ کیا کہ پاکستان کی سیاست کا گول دائرہ۔ تقریروں پر پابندی لگانے سے عمران خان کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ سوشل میڈیا کے وارے نیا رے۔ اور خان کی مقبولیت اور بڑھے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے