ترکی نے، لاچین شہر اور زابوہ اور سوس نامی دیہاتوں کو آذربائیجان کے حوالے کئے جانے پر اظہارِ مسرت کیا ہے۔
ترکی وزارت خارجہ نے جاری کردہ تحریری بیان میں کہا ہے کہ "9 نومبر 2020 کے سہ فریقی اعلامیے کی رُو سے جاری مرحلے کے دائرہ کار میں لاچین شہر اور زابوہ اور سوس دیہاتوں کو آذربائیجان کے حوالے کیا جانا ہمارے لئے باعثِ مسرت ہے”۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ” یہ پیش رفت جنوبی کاکیشیا میں قیامِ امن و استحکام کے لئے قابلِ قدر اقدام ہے۔ ہم امید کرتے ہیں یہ قدم آذربائیجان۔ آرمینیا تعلقات کو اور علاقائی حالات کو معمول پر لانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ترکی آج کی طرح کل بھی آذربائیجان کی زمینی سالمیت کی حمایت کرنا جاری رکھے گا”۔
واضح رہے کہ دوسری قاراباغ جنگ کے بعد 10 نومبر 2020 کو آذربائیجان، آرمینیا اور روس کے درمیان طے پانے والے سہ فریقی اعلامیے کی رُو سے لاچین شہر اور زابوہ اور سوس دیہاتوں پر مشتمل "لاچین راہداری” نامی گزرگاہ سے روسی یونٹوں اور آرمینی آبادی کے انخلاء کے بعد مذکورہ علاقے باکو انتظامیہ کے کنٹرول میں آ گئے ہیں۔
