English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کراچی: ڈینگی وائرس کے وار جاری، حنید لاکھانی انتقال کرگئے

القمر

سماجی کارکن اور اقرا یونیورسٹی (آئی یو) کے بانی چانسلر حنید لاکھانی جمعرات کے روز 49 برس کی عمر میں کراچی میں انتقال کر گئے۔

ان کے پرسنل سیکریٹری وقار لاکھو نے بتایا کہ حنید لاکھانی سندھ میں سیلاب سے متعلق جاری امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے لیے پیر کے روز ٹھٹہ گئے تھے۔

وقار لاکھو نے بتایا کہ ٹھٹہ سے واپس آنے کے بعد انہیں بخار ہوگیا اور ان کی طبیعت بگڑنا شروع ہوگئی تھی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بعد ازاں، ان میں ڈینگی وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔

وقار لاکھو نے بتایا کہ حنید لاکھانی کو بدھ کی رات سانس لینے میں تکلیف کے بعد کلفٹن کے ایک ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں جمعرات کی صبح انہوں نے اپنی آخری سانسیں لیں۔

ان کی نماز جنازہ بروز جمعہ، بعد نماز عصر ڈی ایچ اے کے علاقے خیابان راحت میں واقع مسجد سہیم میں ادا کی جائے گی۔

وقار لاکھو نے کہا کہ حنید لاکھانی کا صاحبزادہ اور صاحبزادی بیرون ملک مقیم ہیں، اس لیے نماز جنازہ جمعہ کے روز ادا کی جائے گی۔

حنید لاکھانی کے انتقال کی خبر نے معاشرے کے تمام طبقات کو صدمہ پہنچایا ہے، حکومتی نمائندوں، سیاست دانوں اور انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے کارکنوں نے ان کی موت کو ملک کے لیے بڑا نقصان قرار دیا ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے حنید لاکھانی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک پیغام میں عارف علوی نے کہا کہ ہمیں ان واقعات کے ذریعے یاد رکھنا چاہیے کہ زندگی کتنی غیر یقینی اور مختصر ہے۔

پی ٹی آئی کے رہنما شہریار آفریدی نے بھی ان کی موت پر غم کا اظہار کیا، انہوں نے حنید لاکھانی کو ایسے شخص کے طور پر یاد کیا جس نے عوام کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے مختلف شعبوں میں بہت کام کیا۔

شہریار آفریدی نے کہا کہ آج ہم نے ایک مخیر شخص، ماہر تعلیم اور ایک ایسے ساتھی کو کھو دیا جو بھائی جیسا تھا۔

گلوکار و سماجی کارکن شہزاد رائے نے اپنے بیان میں کہا کہ میں یقین نہیں کرسکتا کہ آپ چلے گئے ہیں۔

رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے کہا کہ حنید لاکھانی زندگی کے ہر محاذ پر فاتح رہے لیکن ڈینگی سے ہار گئے، انہوں نے لواحقین سے اظہار تعزیت بھی کیا۔

منبع: ڈان نیوز

The post کراچی: ڈینگی وائرس کے وار جاری، حنید لاکھانی انتقال کرگئے appeared first on شفقنا اردو نیوز.

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے