برطانوی ملکہ الزبتھ دوئم کی وفات کے بعد ، تخت کے پہلے وارث چارلس سرکاری طور پر برطانیہ کے نئے بادشاہ مقرر کر دیے گئے۔
برطانوی تاریخ میں تخت کے سب سے طویل عرصے تک وارث رہنے والے چارلس اب بادشاہ ہیں۔ 70 سال تک بطور وارث جاری رہنے والی تربیت نے انھیں تخت پر بیٹھنے کے لیے اب تک کی سب سے بہترین تیاری کا حامل اور سب سے بڑی عمر کا نیا بادشاہ بنایا ہے۔
73سالہ بادشاہ اپنی والدہ کے طویل دورِ حکمرانی کے دوران ان کے ساتھ ساتھ تھے، اور انھوں نے کئی نسلوں کے عالمی رہنماؤں کو آتے جاتے دیکھا جن میں برطانیہ کے 15 وزرائے اعظم اور 14 امریکی صدور بھی شامل ہیں۔
اعلان بادشاہت کی تقریب کے وقت 62 توپوں کی سلامی دی گئی۔ اور ملکہ کی وفات پر سرنگوں کیے جانے والے پرچموں کو دوبارہ لہرایا گیا۔
شاہ چارلس سوئم وزیراعظم لز ٹرس اور ان کی کابینہ کے ارکان سے ملاقات کریں گے۔
