خبریں ہیں کہ دنیا کی مقبول ترین انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ ڈیسک ٹاپ پر بھیجے گئے میسیج میں ایڈٹ کا بٹن متعارف کرائے جانے کے فیچر پر کام کر رہی ہے اور جلد ہی اسے متعارف کرادیا جائے گا۔
واٹس ایپ سے قبل اسی کمپنی کی سوشل ویب سائٹ فیس بک اور شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹاگرام پر بھی ایڈٹ بٹن کی سہولت دستیاب ہے جب کہ حال ہی میں ٹوئٹر نے بھی ایسے بٹن کو متعارف کرانے کا اعلان کیا تھا۔
اگرچہ واٹس ایپ کے حوالے سے چند ماہ قبل بھی یہ خبر سامنے آئی تھی کہ ایپلی کیشن ایڈٹ بٹن پر کام کر رہی ہے اور جلد ہی اسے متعارف کرائے جانے کا امکان ہے، تاہم تاحال ایسا نہیں ہوسکا۔
لیکن اس حوالے سے تازہ خبر یہ ہے کہ کمپنی اینڈرائڈ اور آئی او ایس کے علاوہ ڈیسک ٹاپ صارفین کے لیے بھی ایڈٹ بٹن کو متعارف کرائے جانے کے فیچر پر کام کر رہی ہے۔

