English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

انٹر بینک میں ڈالر 237 روپے تک پہنچ گیا

القمر

مسلسل کئی روز سے گراوٹ کا شکار پاکستانی روپیہ آج (جمعہ کو) انٹربینک مارکیٹ میں ابتدائی کاروبار کے دوران ڈالر کے مقابلے مزید 1.12 روپے کم ہوگیا۔

فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان (ایف اے پی) کے مطابق دوپہر 12:33 بجے پاکستانی روپیہ 237 فی ڈالر پر ٹریڈ ہو رہا تھا جبکہ گزشتہ روز یہ کاروبار کے اختتام پر 235.88 روپے پر بند ہوا تھا اور آج اس کی قدر مزید 0.47 فیصد کم ہوگئی۔

ایف اے پی کے چیئرمین ملک بوستان نے کہا کہ بڑھتے ہوئے درآمدی بل کی وجہ سے روپے کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ غیر ضروری اور لگژری اشیا کی درآمد پر پابندی عائد کی جائے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر وزارت خزانہ مداخلت نہیں کرے گی تو روپیہ ڈالر کے مقابلے میں 250 تک گر سکتا ہے، حکومت کو دوست ممالک سے فوری مدد کی اپیل کرنی چاہیے تاکہ روپے پر دباؤ کم ہو سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ اوپن مارکیٹ میں روزانہ (ڈالر کی) مانگ بڑھ رہی ہے، عمرہ سیزن شروع ہو گیا ہے جس کی وجہ سے غیر ملکی کرنسیوں کی طلب میں اضافہ ہوا۔

ایک روز قبل پاکستان ادارہ شماریات (پی بی ایس) نے اعداد و شمار جاری کیے تھے جس کے مطابق پاکستان کی تیل اور کھانے پینے کی اشیا کی درآمدات رواں مالی سال کے ابتدائی 2 ماہ میں 11.4 فیصد بڑھ کر 5 ارب 8 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی جو ایک سال قبل 4 ارب 56 کروڑ ڈالر تھی۔

چنانچہ جولائی تا اگست تیل کا درآمدی بل 7 فیصد سے زیادہ بڑھ کر 3 ارب 30 کروڑ ڈالر ہو گیا جو گزشتہ سال کے اسی مہینوں میں 3 ارب 8 کروڑ ڈالر تھا۔

اسی طرح خوراک کا درآمدی بل دو ماہ میں 21 فیصد سے بڑھ کر ایک ارب 78 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا جو ایک سال پہلے ایک ارب 47 کروڑ ڈالر تھا تاکہ مقامی پیداوار کے فرق کو پر کیا جا سکے۔

روپے کی قدر 2 ستمبر سے کم ہو رہی ہے، مالیاتی اعداد و شمار اور تجزیاتی پورٹل میٹس گلوبل کے مطابق گزشتہ 52 ہفتوں کے دوران پاکستانی روپے کی قدر میں 28.7 فیصد کمی واقع ہوئی۔

اس سے قبل روپیہ 28 جولائی کو 239.94 کی ریکارڈ کم ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔

منبع: ڈان نیوز

The post انٹر بینک میں ڈالر 237 روپے تک پہنچ گیا appeared first on شفقنا اردو نیوز.

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے