ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

نیب قوانین میں ترمیم: شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز ریفرنسز ختم

 لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) کے قوانین میں ترمیم کے تحت نیب ریفرنسز میں نامور سیاست دانوں کو  بڑا ریلیف مل گیا جبکہ نیب ترجمان نے وضاحت کی ہے کہ عدالتوں سے واپس بھجوائے گئے کیسز کا حتمی فیصلہ ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ میں ہوگا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گزشتہ چند ہفتوں کے دوران نیب قوانین میں ترمیم کے بعد وزیراعظم شہباز شریف، حمزہ شہباز، راجا پرویز اشرف اور یوسف رضا گیلانی کے خلاف عائد الزامات سمیت 50 کرپشن ریفرنسز احتساب عدالتوں نے واپس کر دیے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس ختم ہوگیا جبکہ اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کے خلاف رینٹل پاور کے 6 کرپشن ریفرنسز واپس لے لیے گئے ہیں۔

اسی طرح پیپلز پارٹی کے سینیٹر اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف یو ایس ایف فنڈ میں کرپشن کا ریفرنس واپس لے لیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار مہتاب عباسی اور پیپلز پارٹی کی سینیٹر روبینہ خالد کے خلاف لوک ورثہ میں مبینہ خرد برد کا ریفرنس بھی واپس لے لیا گیا ہے۔

نیب قوانین میں ترمیم کے بعد مضاربہ اسکینڈل اور کمپنیز فراڈ کے ریفرنسز بھی احتساب عدالتوں سے واپس لے لیے گئے ہیں۔

احتساب عدالتوں سے کوئی ریفرنس واپس نہیں لیا گیا، نیب کی وضاحت

دوسری جانب نیب کے ترجمان کی جانب سے وضاحت کی گئی ہے کہ قومی احتساب بیورو کی جانب سے کسی عدالت سے کوئی ریفرنس واپس نہیں لیا گیا، نئے قوانین کے تحت مختلف عدالتوں سے واپس بھجوائے گئے کیسز پر حتمی فیصلہ ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ میں ہوگا۔

ذرائع کے مطابق نیب قانون میں ترمیم کے بعد احتساب عدالتوں کی جانب سے 150 کے قریب کیسز واپس بھجوائے گئے،عدالتوں سے واپس بھجوائے گئے کیسز پر نیب فیصلہ کرے گا کہ ایف آئی اے سمیت کسی تحقیقاتی ایجنسی یا متعلقہ محکموں کو بھجوایا جائے یا نہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے وزیر اعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے کیسز تاحال عدالت نے واپس نہیں بھجوائے نہ ہی نیب نے واپس لینے کی استدعا کی ہے، نئے احتساب قوانین کے تحت پنڈی اسلام آباد سے 68کیسز، لاہور سے 47، کراچی سے 50 سے زائد کیسز عدالتوں نے واپسی کیے۔

عدالتوں کی جانب سے دائرہ اختیار کے تحت واپس بھجوائے جانے والے کیسز پر نیب ہیڈکوارٹر نے تمام بیوروز سے فہرستیں طلب کر لی ہیں لیکن تاحال نیب ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ طلب نہیں کی گئی۔ بیوروز کی جانب سے موصول کیسز پر حتمی منظوری ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ میں لی جائے گی۔

سابق وزیر اعظم شاہد خاقان کے خلاف نیب ریفرنس واپس نہیں ہوئے،وزیر اعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کا کیس نہ ہی عدالت نے واپس نہیں کیا ہے نہ ہی نیب نے کیس واپس لینے کی استدعا کی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے چیئرمین نیب نے کوئی کیس واپس لینے کی ہدایات نہیں کی ہے۔

 

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں