وفاقی حکومت نے صدر مملکت عارف علوی کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرنے کے لئے مدعو کرلیا۔
پارلیمانی ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کے تحفظات سے دور ہونے کے بعد حکومت نے صدر مملکت عارف علوی کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے لئے با ضابطہ طور پر دعوت دی ہے۔
صدر کے پارلیمنٹ سے مشترکہ خطاب سے متعلق وفاقی حکومت، اتحادی جماعتوں اور دفترِاسپیکرمیں طویل مشاورت ہوئی۔ حکومت نے صدرمملکت کوخطاب کی دعوت دینے سے قبل دیگر متبادلوں پربھی غورکیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مخلوط حکومت کوخدشہ تھا کہ صدر اپنے خطاب میں سیاسی تناظر میں الفاظ استعمال کرسکتے ہیں۔ وفاقی حکومت صدر مملکت کو تحریری طور پر جبکہ صدر مملکت فی البدیہہ خطاب کرنے پر غور کررہے تھے۔
قومی اسمبلی کے آئینی اور قانونی ماہرین نے وفاقی حکومت کو حکمت عملی سے آگاہ اور خطاب کے بارے میں قائل کیا۔
باور رہے کہ صدر مملکت کا مشترکہ اجلاس سے خطاب نئے پارلیمانی سال کے لئے لازمی ہے ،پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس اکتوبر کے پہلے ہفتے میں بلایا جائے گا۔
