ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے یوکرین کے صدر ولادی میر زلنسکی کے ساتھ ٹیلی فونک ملاقات کی۔
ترکیہ صدارتی محکمہ مواصلات و اطلاعات کے جاری کردہ بیان کے مطابق مذاکرات میں 24 فروری سے جاری روس۔یوکرین جنگ کی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔
بیان کے مطابق مذاکرات میں صدر ایردوان نے کہا ہے کہ ترکیہ، ایک طویل عرصے سے روس اور یوکرین کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے لئے کوششیں کر رہا تھا اور اب اس مرحلے کی کامیاب تکمیل پر ہمیں بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر ایردوان نے یوکرینی اناج کی براستہ بحیرہ اسود برآمد کے باہمی اتفاق کے ساتھ جاری ہونے کا ذکر کیا اور کہا ہے کہ ہم اس سے مشابہہ طرزِ عمل زاپوریزیا جوہری پلانٹ کے معاملے میں بھی اختیار کر سکتے ہیں ۔
بیان کے مطابق صدر رجب طیب ایردوان نے جوہری پلانٹ کے اطراف میں فوجیوں سے پاک بفر زون کی تشکیل کے لئے ضروری ثالثی اور سہولت کاری کی بھی پیشکش کی ہے۔
صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ یوکرین کے روس کے زیر ِ قبضہ علاقوں میں یک طرفہ ریفرینڈم سفارتی عمل کی بحالی کی کوششوں کو دشوار بنا دے گا۔
انہوں نے کہا ہے کہ ہم جنگ کے بذریعہ مذاکرات پُر امن حل کے لئے ہر ضروری کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہیں۔
