English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

چشمہ شفاء۔06

القمر

ڈکٹر مہمت اُچار کے طبّی مشوروں پر مبنی پروگرام "چشمہ شفاء” کے ساتھ آپ کی خدمت میں حاضر ہیں۔

آج ہم آپ کے ساتھ صحت کے جس موضوع پر بات کریں گے وہ ہے "دل کی صحت کے لئے مفید غذائیں”۔

تو آئیے دیکھتے ہیں کہ کون سے غذائیں ہیں جو ہمارے دل کو صحت مند رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

 

1۔ لہسن

لہسن ایک طاقتور اینٹی آکسی ڈنٹ ہے اور اپنے اندر موجود موئثر مادوں کی وجہ سے قلبی شریانوں کو بند ہونے سے روکتا ہے۔ فشار خون کو اور خون میں چربی  کی مقدار کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ کولیسٹرول کے شریانوں کو نقصان پہنچانے کا سدّباب کرتا ہے۔ روزانہ لہسن کی ایک ترئی کا استعمال کافی ہے لیکن اگر آپ خون کو پتلا کرنے والی یا پھر بلڈ پریشر یالپڈ یعنی چربی کو کم کرنے والی ادویات استعمال کر رہے ہیں تو  لہسن کا استعمال محدود کر دیں۔

 

2۔ سویا

بلند مقدار میں پروٹین ، بی 1، فولاد، زنک، فوسفور اور میگنیزئیم کا حامل ہونے کی وجہ سے سویا دل کی بیماریوں کا سدّباب کرنے میں نہایت موئثر کردار ادا کرتا ہے۔ تحقیقات سے ثابت ہوا ہے کہ یومیہ 25 گرام سویا کا استعمال دل کی بیماریاں شروع ہونے کے خطرے میں کمی کرتا ہے۔

 

3۔ السی کے بیج

غیر سیر شدہ فیٹ ایسڈوں، پوٹاشئیم، پوسے، ای وٹامن اور اومیگا۔3 سے مالا مال السی کے بیج دل کو بیماریوں سے بچانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ہر روز ایک کھانے کا چمچ السی کے بیج دہی  یا سوپ میں مِلا کر استعمال کئے جا سکتے ہیں۔

 

4۔ جَو

جَو، کاربن ہائیڈریٹ ، وٹامن بی 6، فولاد اور زنک کا حامل ہونے کی وجہ سے بُرے کولیسٹرول کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔

 

5۔ کیلا

اپنے اندر موجود پوٹاشئیم کی وجہ سے کیلا ِمنرل سے بھر پور پھل ہے۔ یہ ہائی بلڈ پریشر اور بُرے کولیسٹرول کو کم کرتا ہے۔

 

6۔چقندر

چقندر پوٹاشئیم اور فولک ایسڈ سے بھرپور سبزی ہے اور سبزیوں میں سب سے زیادہ قدرتی شکر کی حامل ہے۔ اپنے اجزاء کی بدولت دل کو صحت مند رکھنے میں نہایت مفید ہے۔

 

7۔تربوز

تربوز میں شامل موئثر اجزاء دوران خون کو متوازن رکھتے اور دل کو مضبوط بناتے ہیں۔

 

8۔ فندق، اخروٹ اور بادام

فندق، اخروٹ اور بادام بُرے کولیسٹرول کو کم کرتے اور اچھے کولیسٹرول میں اضافہ کرتے ہیں۔ خون میں لوتھڑے بننے کا سدّباب کرتے اور ٹرائی گلسرائیڈ کی سطح کو کم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔

ہر روز 2 سے 3 اخروٹ، 8 سے 10 بادام یا پھر فندق کا استعمال کریں۔ یہ خشک میوہ جات اپنے اندر موجود اومیگا۔3 ، وٹامن ای ، میگنیزئیم اور پوسے کی بدولت بُرے کولیسٹرول کو کم اور اچھے کولیسٹرول کو بڑھا کر دل کو صحت مند رکھتے ہیں۔

دن بھر میں ایک مُٹھی بادام کا استعمال جسم میں سیروٹونین پیدا کر کے انسان کی نفسیاتی صحت کو بھی بہتر بنانے میں مدد دیتے ہیں۔

 

9۔بروکلی

وٹامن بی اور فولک ایسڈ کی حامل ہونے کی وجہ سے بروکلی ذہنی دباو، اندیشوں اور بے چینی  کو ختم کرنے میں بھی مفید ثابت ہوتی ہے۔

 

10۔سرخ رنگ کی جنگلی پھل

بلیک بیری، رس بیری، کرین بیری اور سٹرابیری جیسے جنگلی پھل کم کیلوری اور زیادہ مقدار میں پوسے، سیلنئیم اور پولی فینول جیسے طاقتور اینٹی آکسی ڈنٹ کے حامل ہونے کی وجہ سے دل کی متعدد پیچیدہ بیماریوں کے خطرے کو ٹال دیتے ہیں۔

 

11۔ کھُمبیاں

کھمبیاں جلن کو ختم کرتی اور اینٹی آکسی ڈنٹ خصائص کی وجہ سے دل کی صحت کے لئے نہایت مفید سبزی ہیں۔

 

12۔ ٹماٹر

اپنے اندر موجود لیکوپین کی بدولت ٹماٹر دل کی شریانوں کو بیمار ہونے سے بچا کر دل کے دورے کا خطرہ کم کرتا  اور خون میں کولیسٹرول کی سطح کو توازن میں لاتا ہے۔ ٹماٹر کو کچا یا پکی ہوئی شکل میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔ تحقیقات سے ثابت ہوا ہے کہ ٹماٹر کو پکا کر کھانا زیادہ مفید ہے۔

 

13۔ پالک

پوٹاشئیم اور پوسے سے مالا مال ہونے کی وجہ سے پالک خون کے دباو کو کنٹرول کرتی ، کولیسٹرول کو کم کرتی اور دل کے پٹھوں کو باقاعدگی سے کام کرنے کے قابل بناتی ہے۔ پرسلین یا قلفہ اور بروکلی جیسی سبزیاں بھی دل دوست سبزیاں ہیں۔

 

14۔ سیب

دن میں ایک سیب کا استعمال بُرے کولیسٹرول کو کم کر کے دل کی بیماریوں کے خطرے کو کم کرتا ہے۔

 

15۔خشک پھلیاں، چنے اور دالیں

خشک پھلیاں اور دالیں بھی اپنے اندر موجود پوسے کی وجہ سے بُرے  کولیسٹرول LDL کو کم کرنے میں مدد دیتی ہیں۔

 

16۔سبز چائے

سبز چائے میں شامل اجزاء دل کے دورے کے سب سے بڑے سبب یعنی خون میں لوتھڑے بننے کے عمل کا سدّباب کرتے اور بُرے کولیسٹرول کو کم کرتے ہیں۔ ہر روز ایک سے دو کپ سبز چائے استعمال کی جا سکتی ہے۔ تاہم گردے کے مریض سبز چائے کے استعمال سے قبل اپنے ڈاکٹر سے ضرور  مشورہ  کر لیں۔

 

17۔زیتون کا تیل

زیتون کا تیل دل کی شریانوں کی بیماریوں سے بچاتا اور بُرے کولیسٹرول کو کم کرتا ہے۔ زیتون کے تیل کے یومیہ استعمال کو 2 سے 3 کھانے کے چمچ سے زیادہ نہ کریں۔

 

18۔ مچھلی

مچھلی بھی دل کی شریانوں کی بیماریوں کا سدّباب کرنے والی غذا ہے۔ یہ بُرے کولیسٹرول کو کم اور اچھے کولیسٹرول کو بڑھاتی ہے۔ دل کی دھڑکن کو متوازن رکھتی ہے۔ مچھلی کو تیل میں تلنے کی بجائے بغیر تیل کے سیخ پر بھون کر استعمال کریں۔

 

19۔ کدو کا مغز

میگنزئیم سے مالا مال ہونے کی وجہ سے کدو کا بیج دل کے لئے نہایت مفید غذا ہے روزانہ مُٹھی بھر کدو کے بیج استعمال کئے جا سکتے ہیں۔ ان میں موجود میگنیزئیم بلڈ پریشر کو کم کرتا اور دل کے دورے اور فالج  جیسی بیماریوں کے سدّباب میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

 

20۔پرسلین

پرسلین کو اردو میں خرفہ یا قلفہ بھی کہا جاتا ہے۔ یہ سبزی دل کی محافظ سبزی ہے۔ اپنے اندر موجود اومیگا۔3 کی وجہ سے اس سبزی کا مستقل استعمال کولیسٹرول کو معمول پر رکھتا اور دل کے دورے کے خطرے کو کم کرتا ہے۔ علاوہ ازیں خون کو پتلا کر کے اس میں لوتھڑے بننے کی روک تھام کرتا ہے۔

 

21۔سُرخ انگور

سُرخ انگور کو اس کے موسم میں استعمال کیا جائے تو اس پھل کے بیج سے لے کر رس تک ہر چیز صحت  کا ذخیرہ ہے۔ یہ پھل اپنے اندر موجود موئثر  مادوں کے ساتھ اچھے کولیسٹرول HDL کو بڑھاتا اور بُرے کولیسٹرول LDL کو کم کرتا ہے۔

 

22۔ مُوصلی سفید

یہ سبزی کم کیلوری اور اپنی اندر موجود وٹامن  بی 6، فولک ایسڈ، وٹامن سی، کیراٹین اور مختلف پوسوں کی وجہ سے دل کی صحت کو برقرار رکھتی ہے۔ دن بھر میں ایک پیالی موصلی سفید کا استعمال جسم کی یومیہ وٹامن بی ضرورت کو پورا کرتا ہے۔ یہ سبزی جسم سے مضرِ صحت چربی کے خلیوں کو خارج کرتی اور کولیسٹرول کو کم کرنے میں مدد دیتی ہے۔

 

23۔ بند گوبھی، بھنڈی، سرخ بند گوبھی، دھنیا، چقندر، تِل، نیاز بُو اور ہرائی شب بو بھی دل کی صحت کے حوالے سے مفید سبزیاں ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے