امریکی ریاست شمالی کیرولینا کے دارالحکومت رالی میں آف ڈیوٹی پولیس افسر سمیت 5 افراد کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کی رپورٹ کے مطابق حکام نے بتایا کہ 5 افراد کی ہلاکتوں کے بعد شہر میں کیے گئے بڑے سرچ آپریشن کے نتیجے میں ایک نابالغ ملزم کو گرفتار کرلیا گیا جب کہ اس دوران شہر کے علاقوں کو کئی گھنٹوں تک بند رکھا گیا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں سے ایک پولیس افسر کو طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ڈسچارج کردیا گیا جب کہ اور ایک شخص تشویشناک حالت میں تاحال ہسپتال میں زیر علاج ہے۔
واقعے کے فوری بعد متعدد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملزم کو تلاش کرنے کے لیے کیے گئے سرچ آپریشن میں حصہ لیا، اس دوران پورے پورے علاقے کرائم سین کا منظر پیش کرنے لگے جہاں ریسکیو اینڈ ریلیف فراہم کرنے والے کارکنوں کی بھی بڑی تعداد موجود تھی، جب کہ شہریوں سے کہا گیا کہ وہ محفوظ مقامات پر پناہ لیں۔
فائرنگ شہر سے گزرنے والی نیوس ریور گرین وے پر یا اس کے قریب ہوئی، تقریباً تین گھنٹے بعد پولیس نے بتایا کہ اس نے مشتبہ شخص کو ایک گھر میں گھیرے میں لے لیا ہے۔
Large law enforcement and emergency response following reported active shooter in Raleigh, North Carolina. The Hedingham neighborhood is being blocked off.pic.twitter.com/O1RMYbyPCm
— Moshe Schwartz (@YWNReporter) October 13, 2022
