اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کو اکتوبر کے بلوں میں بڑا ریلیف دیتے ہوئے بجلی کے نرخ میں سوا چار روپے فی یونٹ کی کمی کردی ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے بجلی کے نرخ میں سوا 4 روپے کی کمی کردی ہے، یہ کمی اکتوبر کے مہینے کے لیے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی ہے، ستمبر کے بجلی کے بلوں میں لگنے والی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ ہی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے مطابق عوام پر بوجھ کو دیکھتے ہوئے صارفین کے بجلی کے ریٹ نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اسی ضمن میں سیکرٹری توانائی ڈویژن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ نیپرا نے 14 اکتوبر 2022ء کو سال 2021-22ء کی چوتھی سہ ماہی (کوارٹرلی ایڈجسٹمنٹ) کا فیصلہ دیا ہے، حکومت نے بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیش نظر ستمبر کے بجلی کے بلوں میں لگنے والی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کو ہی جاری رکھتے ہوئے صارفین کے بجلی کے نرخ نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
سیکرٹری توانائی ڈویژن کے مطابق ستمبر کے مقابلے میں اکتوبر کے مہینے میں فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں صارفین کے بجلی کے ریٹ میں 4.15 روپے کی کمی کی گئی ہے۔
