الہ آباد ہائی کورٹ نے سماج وادی پارٹی کے سینئر رہنما اور اتر پردیش کے سابق کابینی وزیر محمد اعظم خان کی گرفتاری کے معاملے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) سے حلف نامہ طلب کیا ہے۔ عدالت نے ای ڈی کو منگل تک یہ واضح کرنے کی ہدایت دی ہے کہ آیا اعظم خان کو 31 اکتوبر کو منی لانڈرنگ کے معاملے میں گرفتار کرتے وقت گرفتاری کی وجوہات بتائی گئی تھیں یا نہیں۔ معاملے کی اگلی سماعت منگل کو ہوگی، جس میں عدالت مناسب حکم صادر کرسکتی ہے۔
جسٹس راجیو گپتا اور جسٹس دیویندر سنگھ پر مشتمل بنچ نے یہ ہدایت اعظم خان کی اس عرضی پر سماعت کے دوران دی، جس میں انہوں نے ای ڈی کی جانب سے اپنی گرفتاری کو چیلنج کیا ہے۔
سماعت کے دوران ای ڈی کی طرف سے پیش ہوئے سینئر وکیل زہیب حسین نے عدالت کو بتایا کہ گرفتاری کے وقت ایجنسی کے افسران نے تین سے چار مرتبہ اعظم خان کو گرفتاری کی وجوہات بتانے اور ان کی تحریری تصدیق حاصل کرنے کی کوشش کی، لیکن انہوں نے اسے قبول کرنے سے انکار کردیا۔
ای ڈی کے مطابق، گرفتاری کی وجوہات، ریمانڈ کی درخواست اور دیگر متعلقہ دستاویزات اعظم خان کو خصوصی عدالت میں پیش کیے جانے کے 12 سے 14 گھنٹوں کے اندر فراہم کردی گئی تھیں۔ ایجنسی کا دعویٰ ہے کہ اعظم خان نے دستاویزات وصول کرنے کی تصدیق کی اور احتجاجاً (انڈر پروٹسٹ) ان پر دستخط بھی کیے۔ ان کے وکیل نے بھی دستاویزات کی نقول ملنے کی تصدیق کی تھی۔
ای ڈی کے وکیل نے سپریم کورٹ کے رام کشور اروڑہ مقدمے میں دیے گئے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ منی لانڈرنگ کی روک تھام سے متعلق قانون (پی ایم ایل اے) کی دفعہ 19 میں استعمال ہونے والی عبارت ’جتنی جلد ممکن ہو‘ کا مطلب یہ ہے کہ گرفتاری کی وجوہات 24 گھنٹے کے اندر فراہم کی جاسکتی ہیں۔ ان کے مطابق ایجنسی نے آئین کے آرٹیکل 22(1) کے تقاضوں کی پابندی کی ہے۔
تاہم، اعظم خان کی طرف سے پیش ہوئے سینئر وکیل کپل سبل نے ای ڈی کے دعوے پر سوال اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ ای ڈی کی جانب سے پیش کی گئی ویڈیو ریکارڈنگ سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ اعظم خان نے گرفتاری کی وجوہات وصول کرنے سے انکار کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ویڈیو میں افسر کی طرف سے ایسا کوئی واضح بیان موجود نہیں ہے جس سے یہ ثابت ہو کہ اعظم خان کو وجوہات بتائی گئیں اور انہوں نے انہیں لینے سے انکار کردیا۔
اس پر عدالت نے ای ڈی کو حلف نامہ داخل کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ اس میں واضح طور پر درج ہونا چاہیے کہ اعظم خان کو گرفتاری کی وجوہات بتائی گئی تھیں اور ایجنسی اسی مؤقف پر قائم ہے۔
سماعت کے دوران کپل سبل نے یہ الزام بھی لگایا کہ اعظم خان کی رہائی کے وقت بار بار نئے مقدمات درج کرکے انہیں جیل میں رکھنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ انہوں نے اسے قانونی کارروائی کے بجائے ہراسانی قرار دیتے ہوئے الزام لگایا کہ ای ڈی اور اتر پردیش کے حکام باہمی تال میل کے ساتھ کام کررہے ہیں۔ ان کے مطابق یہ کارروائی 2024 کے انتخابات اور اب 2027 کے انتخابات کے پیش نظر کی جارہی ہے۔
دوسری جانب ای ڈی نے کہا کہ موجودہ عرضی میں عدالت کے سامنے صرف یہ سوال ہے کہ گرفتاری کے دوران آئین کے آرٹیکل 22(1) کی خلاف ورزی ہوئی یا نہیں۔ یہ عرضی نہ تو بنیادی جرائم، ایف آئی آر یا ای سی آئی آر کو چیلنج کرتی ہے اور نہ ہی ضمانت کی درخواست ہے۔
واضح رہے کہ اعظم خان کو 31 اکتوبر کو دو پین کارڈ کے معاملے میں ضمانت ملنے کے بعد رام پور جیل سے رہائی ملی تھی، لیکن رہائی کے تقریباً 40 منٹ بعد ہی ای ڈی نے انہیں منی لانڈرنگ کے معاملے میں گرفتار کرلیا تھا۔