لاہور:ورلڈ فوڈ ڈے پر بھی ملاوٹ مافیا باز نہ آیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کا ملاوٹی دودھ مافیا کیخلاف آپریشن جاری ہے۔
ڈیری سیفٹی ٹیموں نے شہر کے داخلی مقامات کی ناکہ بندی کرتے ہوئے موبائل ٹیسٹنگ لیبز کی مددسے دودھ کے موقع پر ٹیسٹ کیے ۔
ایل آرکم، پانی کی ملاوٹ اور گاڑھے پن کیلئے پاؤڈر کا استعمال کرنے پر12ہزار600 لیٹر ملاوٹی دودھ تلف کردیاگیا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کاکہناتھا کہ ملاوٹی دودھ کا استعمال انسانی صحت کیلئے انتہائی مضر ثابت ہوتا ہے۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی قوانین کے مطابق دودھ میں پانی، پاؤڈر یا کیمیکل کی ملاوٹ جرم ہے۔مدثر ریاض ملک نے واضح کیاکہ شہر کے داخلی راستوں پردودھ بردار گاڑی موبائل لیبز کی چیکنگ سے ملاوٹی دودھ میں کمی آئی ہے۔
داخلی و خارجی راستوں کے علاوہ شہر بھر میں موجود دوکانوں پر بھی چیکنگ سے معیار میں بہتری آئی ہے۔
ان کا مزید کہناتھا کہ بہت جلد لاہور میں گھر گھر جا کر دودھ کے نمونے ٹیسٹ کرنے کی مہم کا آغاز کروں گا۔دودھ میں ملاوٹ کے خاتمے کے لیے قانون سازی اور موثر حکمت عملی وضع کریں گے
