اسلام آباد: اسلام آباد میں لانگ مارچ اور دھرنوں کے معاملے پر تاجر برادری نے اسلام آباد لانگ مارچ کی مخالفت کر تے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ سے اسلام آبادکو “احتجاج فری شہر” بنانے اور فوری طور پر کنٹینرز ہٹانے کا مطالبہ کر دیا۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے وفد نے وزیر داخلہ رانا ثنااللہ سے خصوصی ملاقات کی اور وفاقی دارالحکومت میں لانگ مارچ کی مخالفت کر تے ہوئے اسلام آبادکو “احتجاج فری شہر” بنانے کامطالبہ کیا۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے وفد نے کہاکہ اسلام آباد میں لانگ مارچ اور دھرنوں سے اسلام آباد کی معیشت اور کاروبار تباہ ہونے کا خطرہ ہے ۔لانگ مارچ سے اسلام آباد کے شہریوں کی زندگی مفلوج ہو جائے گی ۔
اسلام آباد کو احتجاج فری شہر قرار دینے کیلئے پارلیمنٹ میں بل لایا جائے ۔دارالحکومت پر سیاسی دھاوے بولنے سے سفارتی کمیونٹی بھی شدید اضطراب کا شکار ہوتی ہے ،چیمبر آف کامرس کے ارکان نے کہاکہ اسلام آباد لانگ مارچ کے حوالے سے ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے ۔
احتجاج کیلئے اسلام آباد سے باہر کوئی جگہ مختص کی جائے ،2014 کے 126 دنوں کے دھرنے سے اسلام آباد کو ناقابل تلافی نقصان ہوا ۔تاجروں نے اسلام آباد میں کنٹینرز فوری ہٹانے کا مطالبہ بھی کر دیا ۔وزیر داخلہ نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے وفد کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ اسلام آباد کے شہریوں اور کاروباری افراد کے تحفظ کیلئے تمام قانونی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
