مقبوضہ مغربی کنارے میں ایک فلسطینی گاڑی پر اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ سے 2 فلسطینی شہید اور 2 زخمی ہوگئے۔
فلسطینی ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والی خبر کے مطابق نبلوس کے جنوبی علاقے میں واقع حوارہ فوجی چوکی پر اسرائیلی فوجیوں نے فلسطینیوں کی گاڑی پر فائرنگ کی۔
بتایا گیا ہے کہ اس واقعے میں 2 فلسطینی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے اور 2 زخمی ہوئے۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری کیے گئے تحریری بیان میں کہا گیا ہے کہ فوجیوں نے نبولس میں 2 مشکوک گاڑیوں کو دیکھا اور ان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار افراد زخمی ہوگئے۔
بیان میں بتایا گیا کہ اسرائیلی فوجیوں کی جانب سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے یکم اکتوبر سے نبلوس شہر پر عائد کردہ محاصرے کو جزوی طور پر ختم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے شہر کی طرف جانے والی تین چوکیوں میں سے دو کو کھول دیا تھا۔
11 اکتوبر کو مقبوضہ مغربی کنارے کے نبلوس میں ایک غیر قانونی یہودی بستی کے قریب مسلح حملے میں ایک اسرائیلی فوجی کی ہلاکت کے بعد اسرائیلی افواج نے شہر کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر چوکیاں قائم کر دیں۔ کچھ سڑکیں مٹی ڈالنے سے بنی رکاوٹ سے مکمل طور پر بند ہوگئیں۔
