English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

لانگ مارچ: عمران خان نے لاہور سے حقیقی آزادی مارچ کا آغاز کردیا

القمر

’حقیقی آزادی مارچ‘ سے متعلق اہم نکات:

پی ٹی آئی کا ‘حقیقی آزادی مارچ‘ کا آغاز لبرٹی چوک لاہور سے اور اختتام اسلام آباد میں ہوگا۔

لانگ مارچ کا پہلا دن کینیا میں قتل ہونے والے پاکستانی صحافی ارشد شریف کے نام کیا گیا ہے۔

مارچ کا مقصد ملک میں عام انتخابات کا انعقاد کروانا ہے۔

عمران خان کی جانب سے رواں سال یہ دوسرا لانگ مارچ کیا جارہا ہے، 25 مئی کو بھی لانگ مارچ کیا گیا تھا۔

اسلام آباد پولیس نے 13 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے ہیں۔

پی ٹی آئی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ مارچ پرامن اور متعین حدود میں کیا جائے گا۔

لانگ مارچ کا پہلا دن کینیا میں قتل ہونے والے پاکستانی صحافی ارشد شریف کے نام کیا گیا ہے۔

حقیقی آزادی مارچ کی قیادت کے لیے سابق وزیراعطم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان لبرٹی چوک پہنچ گئے۔

لانگ مارچ کے لیے فوری این او سی جاری کرنے کی پی ٹی آئی کی درخواست مسترد

اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی لانگ مارچ کے لیے فوری طور پر این او سی جاری کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔

اس سلسلے میں اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو ایک نیا لیٹر جاری کر دیا، لیٹر میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی نے ماضی میں این او سی کی خلاف ورزیاں کیں، پی ٹی آئی لیٹر کا شق وار وضاحت دے۔

لیٹر میں کہا گیا ہے کہ 25مئی کو بھی این او سی دیا گیا لیکن اس کی خلاف ورزی کی گئی، پی ٹی آئی تحریری طور پر انتظامیہ کو مطمئن کریں۔

خط میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی 2 جولائی کو جلسہ کے لئے کیمرہ بھی انسٹال نہیں کیے گئے، این او سی کی درخواست مسترد نہ کرنے کی وجوہات کی وضاحت کی جائے۔

قبل ازیں، اسلام آباد میں پی ٹی آئی جلسہ کی اجازت سے متعلق ضلعی انتظامیہ سے مذاکرات کے لیے بابر اعوان اور علی نواز اعوان ڈی سی آفس پہنچے تھے۔

عمران خان لانگ مارچ کی قیادت کے لیے رہائش گاہ سے روانہ

سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان لبرٹی چوک سے ’حقیقی آزادی لانگ مارچ‘ کی قیادت کے لیے اپنی رہائش گاہ زمان پارک سے روانہ ہوگئے ۔

لبرٹی چوک میں کارکنوں کی بڑی تعداد عمران خان کے استقبال کی منتظر ہے۔

عمران خان آرہا ہے اور پہلے سے زیادہ زور کے ساتھ آرہا ہے، بابر اعوان

پی ٹی آئی کے رہنما بابر اعوان نے کہا ہے کہ کچھ لوگ پارٹی کے بارے میں پروپیگنڈ کر رہے ہیں کہ پارٹی بکھر رہی ہے لیکن پارٹی متحد ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم کسی صحافی کو لفافہ نہیں کہتے ہیں لیکن سب کو بتادینا چاہتے ہیں کہ لاکھوں کی تعداد میں لوگ باہر نکل رہے ہیں، یہ لوگ مارچ ماضی کے لانگ مارچ سے زیادہ بڑا ہوگا، لوگ لاکھوں کی تعداد میں باہر نکلیں گے، عمران خان آرہا ہے اور پہلے سے زیادہ زور کے ساتھ آرہا ہے۔

بابر اعوان نے کہا کہ یہ حقیقی آزادی مارچ صحیح معنوں میں لانگ واک ٹو فریڈم ہوگا جیسا کہ نیلسن مینڈیلا نے کیا تھا، پی ٹی آئی نے گزشتہ 6 ماہ میں ریکارڈ جلسے کیے اور تمام جلسے پر امن تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ تین چیزوں پر نظر رکھیں، کوئی سفید پوش گڑبڑ کرتا نظر آئے تو سمجھ جائیں کہ وہ ہمارا نہیں بلکہ امپورٹڈ کا نمائندہ ہے، انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ پروپگنڈا کریں گے کہ پارٹی متحد نہیں اور تیسری بات یہ ہے کہ الیکشن کے علاوہ ملکی مسائل اور تباہ حال معیشت کی بحالی کا کوئی حل نہیں ہے۔

آزادی مارچ: عمران خان کا کنٹینر لبرٹی چوک پر پہنچ گیا

تحریک انصاف کے حقیقی آزادی مارچ کے سلسلے میں چیئرمین عمران خان کا کنٹینر لبرٹی چوک پہنچ گیا ہے۔

آزادی مارچ میں شرکت کے لیے عوام کی لبرٹی چوک آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

فواد چوہدری لانگ مارچ میں شرکت کے لیے لبرٹی چوک روانہ

پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری دیگر رہنماؤں کے ہمراہ لانگ مارچ میں شرکت کے لیے لبرٹی چوک روانہ ہو گئے۔

آج عمران خان سیاست کے آخری 5 اوورز کرانے جارہے ہیں، شیخ رشید

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ آج عمران خان سیاست کے آخری 5 اوورز کرانے جارہے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنا بیان جاری کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ نومبر میں آر یا پار ہوجائے گا، آج عمران خان لبرٹی چوک سے سیاست کے آخری 5 اوور کروانے جارہے ہیں، میں خود بھی لبرٹی چوک جاؤں گا، آئندہ جمعہ کو لانگ مارچ راولپنڈی پہنچے گا۔

شیخ رشید نے کہا کہ میری دعا ہے کہ لانگ مارچ امن و امان آئین اور قانون کے مطابق اپنے مقاصد حاصل کرے،غریب عوام اور پاکستان سنگین ترین بحران سے گزر رہا ہے۔

لانگ مارچ میں شرکت کے لیے مختلف علاقوں سے قافلے لبرٹی چوک کے لیے روانہ

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیر قیادت پی ٹی آئی کے حقیقی آزادی مارچ کا آج سے آغاز ہو گیا ہے جس کے لیے قافلے لبرٹی چوک کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔

تحریک انصاف نے آج دن گیارہ بجے لاہور کے لبرٹی چوک سے حقیقی آزادی مارچ کے آغاز کا اعلان کیا تھا۔

صوبے اور شہر کے مختلف علاقوں سے قافلے لاہور کے لبرٹی چوک کے لیے روانہ ہو چکے ہیں۔

ڈاکٹر یاسمین راشد کارکنوں کے ہمراہ لبرٹی چوک کی جانب روانہ

پی ٹی آئی کی سینئر رہنما اور صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد پی ٹی آئی کارکنوں کے ہمراہ لبرٹی چوک کی طرف روانہ ہوگئیں۔

ڈیجیٹل میڈیا کے لیے لانگ مارچ کی لائیو ٹرانسمیشن کا آغاز

پی ٹی آئی نے اپنے لانگ مارچ کی کوریج اور اس کو لوگوں تک پہنچانے کے لیے ٹرانسمیشن کا آغاز کردیا۔

منبع: ڈان نیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے