لاہور: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہاہے کہ 2018 کے الیکشن میں ہمیں کسی نے نہیں جتایا تھا، اس ملک میں آزاد اور شفاف الیکشن چاہتا ہوں، میں کرکٹ کا وہ کپتان ہوں جو نیوٹرل امپائر لے کر آیا
عمران خان کا کہنا تھا کہ میں امپائر ساتھ ملا کر جیتنے والا کپتان نہیں ہوں، اگر جنرل باجوہ ہماری فوج کی ساکھ کو بچانا چاہتے ہیں تو انہیں اعظم سواتی اور شہباز گل تشدد پر فوری ایکشن لینا چاہیے، میری تحریک حقیقی آزادی کی ہے، وہ یہ ہے کہ پاکستان کے فیصلے پاکستان میں ہوں، کوئی باہر سے ہمیں حکم نہ دے۔
ہفتہ کو سابق وزیر اعظم و چئیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا ایک ہی مقصد آزاد اور شفاف انتخابات ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان میں وہ حکومت ہو جسے پاکستان کے عوام منتخب کریں، الیکشن سے آئے آپشن سے نہ آئے۔
موجودہ اتحادی حکومت کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ یہ جو حکومت آئی ہے انہوں نے پیسے خرچ کرکے، ہارس ٹریڈنگ کر کے، لوگوں کے ضمیر خرید کر حکومت بنائی ہے، ان کا ایک ہی ایجنڈا تھا کہ اپنے کرپشن کے کیسز ختم کرنے ہیں کیونکہ ان پر 1100ارب کے کرپشن کیسز ہیں اور یہ آئے ہی اسی لیے تھے۔
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ سب سے بڑا ظلم یہ ہے کہ انہوں نے معیشت ڈبو، ہماری معیشت تباہ ہو گئی، آج پاکستان ڈیفالٹ کی طرف جا رہا ہے، ہم آئے تھے تو یہ دیوالیہ کر کے گئے تھے، اس کے بعد اب آ کر انہوں نے اپنے کرپشن کیسز ختم کیے۔ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان میں الیکشن ہوں، یہ سیاسی عدم استحکام ختم ہو جس کی وجہ سے پوری معیشت تباہ ہوئی ہے۔حقیقی آزادی مارچ کا مقصد صرف الیکشن ہیں۔
ان کا کہنا تھا میں قانون کی حکمرانی چاہتا ہوں، یہاں جنگل کا قانون ہے، ہمارے لوگوں کو اٹھا لیا جاتا ہے اور ان پر جیل میں جنسی تشدد کیا جاتا ہے اور لوگ ان کا نام لینے سے ڈرتے ہیں
