لاہور:پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ حقیقی آزادی مارچ پاکستان کی تاریخ کو ایک نیا موڑ دے گا ، پاکستان کی باگ ڈور اب انہیں کے ہاتھوں میں ہوگی جو اسکے اہل ہونگے۔
ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب فیاض الحسن چوہان نے لانگ مارچ کے حوالے سے اپنے اہم بیان میں کہا کہ عوام کو حقیقی آزادی دلانے کے لئے لانگ مارچ اپنی آب و تاب کے ساتھ رواں دواں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ حقیقی آزادی مارچ کے شرکا میں اضافہ ہو رہا ہے، عمران خان کی مقبولیت کم کرنے کے لئے پورا نظام ایڑی چوٹی کا زور لگا رہا ہے۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ عمران خان کی مقبولیت کم ہونے کی بجائے دن بدن بڑھتی جا رہی ہے، عمران خان کی قیادت میں حقیقی آزادی مارچ پاکستان کی تاریخ کو ایک نیا موڑ دے گا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پاکستان کی بھاگ ڈور اب انہیں کے ہاتھوں میں ہوگی جو اسکے اہل ہونگے، وہ وقت گزر گیا جب باہر سے کرپٹ اور مفاد پرست ٹولہ لا کر ہم پر مسلط کیا جاتا رہا، نااہل، نکھٹو، نکمے اور نالائق امپورٹڈ حکمرانوں سے نجات کا وقت آگیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو حقیقی آزادی وہ لیڈر دلائے گا جس کا جینا مرنا پاکستان کے لئے ہے۔ پوری دنیا سے پاکستانی عوام عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے، تمام ریاستی کارندے جتنے مرضی ہتھکنڈے آزما لیں، لانگ مارچ کے سمندر کو نہیں روک سکتے۔
