ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے روس کے صدر ولادی میر پوتن کے ساتھ ٹیلی فونک ملاقات کی۔
ترکیہ صدارتی دفتر کے جاری کردہ بیان کے مطابق مذاکرات میں 24 فروری سے جاری روس۔یوکرین جنگ کی حالیہ صورتحال سمیت علاقائی موضوعات پر بات چیت کی گئی۔
مذاکرات میں صدر ایردوان نے کہا ہے کہ ہم براستہ بحیرہ اسود اناج کی ترسیل کے لئے، 22 جولائی کو طے کئے گئے، استنبول سمجھوتے کے اطلاق سے متعلقہ مسائل کے حل کے لئے تمام فریقین کے ساتھ مل کر ضروری کاروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ ہمیں یقین ہے کہ، متعدد دیگر موضوعات کی طرح اس معاملے میں بھی، ہم حل پر مرکوز تعاون قائم کر لیں گے۔ اگر ہم اناج بحران کو تعمیری نقطہ نظر کے ساتھ حل کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو اس سے مذاکرات کی طرف واپسی کے لئے متوقع اقدامات کی بھی حوصلہ افزائی ہو گی۔
صدر رجب طیب ایردوان نے والدائے ڈسکشن گروپ کے اجلاس سے خطاب میں ترکیہ اور ان کے بارے میں پُر خلوص الفاظ کے استعمال پر روس کے صدر ولادی میر پوتن کا شکریہ ادا کیا ہے۔
واضح رہے کہ روس نے 29 اکتوبر کو بحیرہ اسود اناج سمجھوتے کو التوا میں ڈالنے کا اعلان کیا تھا۔
